دیوانی مقدمات کے عجلت میں فیصلے نہ کیے جائیں، سپریم کورٹ کا تحریری فیصلہ

انصاف کا ترازو نہ تو خودکار طور پر مقدمہ خارج کرنے کے حق میں جھکتا ہے اور نہ ہی مقدمے کی بحالی کے حق میں، فیصلہ


جہانزیب عباسی November 09, 2026
فوٹو: فائل

سپریم کورٹ میں دائر دیوانی مقدمے کی بحالی سے متعلق کیس سے متعلق جسٹس محمد علی مظہر کا تحریر کردہ اہم فیصلہ جاری کردیا گیا۔ جس میں زور دیا گیا ہے کہ جلد بازی میں فیصلے نہیں کیے جائیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں دائر دیوانی مقدمات سے متعلق جسٹس محمد علی مظہر نے تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ انصاف کا ترازو نہ تو خودکار طور پر مقدمہ خارج کرنے کے حق میں جھکتا ہے اور نہ ہی خودکار طور پر مقدمے کی بحالی کے حق میں،عدالتوں کو محض جلد فیصلے کرنے کی خاطر عجلت میں فیصلے نہیں کیے جانے چاہئیں۔

جسٹس محمد علی مظہر کے تحریر کردہ فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ حیرت انگیز طور پر دیوانی کیس 2016سے زیر التوا رہا لیکن اسکی ذمہ داری درخواست گزار یا اس کے وکیل پر ڈالنے کے لیے کوئی سابقہ ریکارڈ بھی موجود نہیں،جب وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوتا تو عدالت اپنے صوابدیدی تحت مقدمہ عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر سکتی ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اگر وکیل پیشہ ورانہ ذمہ داری کا احساس نہیں رکھتا تو اس کا نقصان موٴکل کو اٹھانا پڑتا ہے، موٴکل کو بھی چوکس رہنا چاہیے اور اپنے مقدمے کی باقاعدگی سے پیروی کرنی چاہیے،موکل کو تمام تر ذمہ داری وکیل پر چھوڑ کر خود لاتعلق نہیں ہو جانا چاہیے،موکل کو نہ ہی وکیل کی غفلت یا لاپروائی کو نظرانداز کرتے ہوئے آنکھیں بند کر لینی چاہئیں۔

فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ وکلا کو چاہیے کہ وہ مقدمات کی تاریخِ سماعت، کاز لسٹ اور متعلقہ عدالتی بنچوں کا درست ریکارڈ رکھیں، وکلاء کو اپنے موٴکل کے مفادات کے تحفظ کے لیے کیس کے ہر پہلو اور تمام قانونی نکات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے، وکیل کی ذمہ داری ہے کہ اپنے موٴکل کو مقدمے کی پیش رفت، ممکنہ خطرات اور اگر کوئی تصفیے کی پیشکش ہو تو اس سے بھی آگاہ رکھے۔

عدالت نے لکھا کہ ٹھوس ، معقول وجہ کے بغیر وکیل کی غفلت کے باعث مقدمے کا عدم پیروی کی بنیاد پر خارج ہونا پیشہ ورانہ ساکھ ، شہرت کیلئے انتہائی سنگین داغ ہے، دنیا بھر میں عدم پیروی کی بنیاد پر مقدمے کا اخراج وکلا کی واضح پیشہ ورانہ نااہلی اور موٴکل کے اعتماد کی خلاف ورزی تصور کیا جاتا ہے،ایسی صورتحال میں وکلاء کیخلاف بار کونسلز میں شکایات دائر کرنے کی بنیاد بھی بن سکتی ہے۔

سپریم کورٹ کے تحریری فیصلے میں لکھا کہ اگر کوئی معقول وجہ موجود ہو، انصاف کے تقاضے اس کا مطالبہ کریں تو عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کیے گئے مقدمے کو دوبارہ بحال کیا جا سکتا ہے،انصاف کا ترازو نہ تو خودکار طور پر مقدمہ خارج کرنے کے حق میں جھکتا ہے اور نہ ہی خودکار طور پر مقدمے کی بحالی کے حق میں، محض جلد فیصلے کرنے کی خاطر عجلت میں فیصلے نہیں کیے جانے چاہئیں۔

جسٹس محمد علی مظہرنے لکھا کہ مقدمات کے فیصلے کو صرف حد سے زیادہ تکنیکی نکات کی بنیاد پر نہیں چھوڑا جا سکتا،لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی سول ریویثرن درخواستوں کو اصل حیثیت میں بحال کیاجاتا ہے ،اس بحالی کو ہر مقدمے میں 10 ہزار روپے جرمانے کی ادائیگی سے مشروط کیا جاتا ہے اور یہ رقم لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے میڈیکل سینٹرکے اکاوٴنٹ میں جمع کروا کر رسیدیں رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ کے روبرو پیش کرے۔