رائیونڈ نواز شریف اور شہباز شریف کے اقتدار کی قبر بن جائے گا طاہر القادری

اللہ تعالیٰ نے قدرتی طور پر دو سمندروں کو ملا دیا اب ہمارے سامنے کوئی ٹک نہیں سکے گا، سربراہ پاکستان عوامی تحریک


ویب ڈیسک August 31, 2014
قائداعظم کے انتقال کے بعد ہمیں وہ قیادت نہ مل سکی جو اس ملک کو ان کی بنیادوں پر استوار کرسکتی۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ وہ اور عمران خان دونوں بھائی ہیں اور دونوں اکٹھے ہی اپنی منزل کو پہنچیں گے۔ رائیونڈ نواز شریف اور شہباز شریف کا اقتدار کی قبر بن جائے گا۔

اسلام آباد میں مظاہرین سے خطاب کے دوران ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ قائداعظم کے انتقال کے بعد ملک کو ایسی قیادت نہیں ملی جو ان کو اس بنیادوں پر استوار کریں جن پر اس ملک کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ قائداعظم کا وارث کہنے والے دنیا میں کرپشن کے سب سے بڑے علمبردار ہیں، وہ اللہ کو گواہ بنا کر کہتے ہیں کہ کہ لوگ اقتدار صرف لوٹ مار اور کاروبار کے لئے حاصل کرتے ہیں، ان کے مزاج ، سوچ اور زندگی تک میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں، جب سے یہ لوگ سیاست میں آئے ہیں ان کی میگا کرپشن شروع ہوگئی ہے۔ 18 کروڑ عوام کا خون چوس کر ان کے چہروں پر لالیاں آئی ہیں۔ پہلے وہ اور عمران خان خاندانی بادشاہت کے خاتمے کے لئے الگ الگ جنگ لڑتے تھے لیکن اب ہم مل گئے ہیں جن کے سامنے کوئی ٹک نہیں سکتا۔ اب بات ان کے استعفے پر ختم نہیں ہوگی۔ وہ اس ملک کے بچوں کا مستقبل سنوارنا چاہتے ہیں تاکہ یہ ملک بھی جاپان اور جنوبی کوریا کی طرح ترقی کرے۔ اس ملک کی ترقی کو حکمران اپنی کرپٹ خاندانی بادشاہت کی نذر کررہے ہیں۔

سربراہ پاکستان عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات پولیس نے وہ کیمیائی مواد استعمال کیا ہے جو صرف جنگ میں ہی استعمال ہوتے ہیں جبکہ گاڑیوں پر ایسے بموں سے حملے کئے گئے جن سے صرف بم پروف گاڑیوں کو ہی نشانہ بنیا جاتا ہے۔ کل سے اب تک کم از کم 13 افراد زندگی سے ہات دھو بیٹھے ہیں اور آئندہ 8 گھنٹوں میں یہ ہلاکتیں 30 تک بڑھنے کا خدشہ ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے ان لاشوں کو منظر عام پر نہیں لایا جارہا۔ اسپتالوں میں موجود زخمیوں کا علاج نہیں کیا جارہا۔ انہوں نے 1972 میں اپنے مرشد کے ہاتھ پر انقلاب کی بیعت کی تھی۔ اب بات نواز شریف اور شہباز شریف کے استعفوں تک نہیں رہی وہ انہیں انقلاب لا کر دیں گے۔

اس سے قبل ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ ریاستی جبر و بربریت کی انتہا ہوگئی ہے۔ رات بھر جس طرح پولیس نے پر امن مظاہرین کو تشدد کا نشانہ بنایا وہ اسے مسلسل دیکھتے رہے ہیں۔ ان کی غیر موجودگی میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں سے خطاب کئے جو کہ ان کے جذبات کے بھی آئینہ دار تھے۔ وہ اور عمران خان مشترکہ جنگ لڑرہے ہیں جسے ہمیں اکٹھے ہی جیتنا ہے اور مستقبل میں بھی ہم اکٹھے ہی رہیں گے۔ نواز شریف ، شہباز شریف اور چوہدری نثار پر قتل، اقدام قتل اور تشدد کے مزید کئی مقدمے درج ہوں گے۔ قانون انہیں پھانسی کے پھندے پر لٹکائے گا۔ دنیا کی کوئی طاقت انہیں بچا نہیں سکتی۔ وہ یہ بات اپنے ذہنوں سے نکال دیں کہ ہم ان کے ظلم، جبر اور بربریت کے خوف سے پیچھے ہٹ جائیں گے یا واپس چلے جائیں گے۔ پنجاب پولیس نے بدمعاشوں، لٹیروں اور درندوں کے کہنے پر اپنے ہی بھائیوں اور بہنوں پر ظلم کرکے ناقابل فراموش تاریخ رقم کی ہے۔ دہشت گردی کے سامنے سینہ سپر ہونے والے کارکن اپنی جگہیں نہ چھوڑیں۔

ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ کارکن اپنے عزم پر قائم رہیں کیونکہ انلقاب آسانی سے نہیں آتا، انقلاب میں مشکلات جتنی زیادہ ہوتی ہیں کامیابیاں اتنی ہی زیادہ ہوتی ہیں۔ بزدل اس ملک کے غریب عوام کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ آج تک انہوں نے ظلم سہے ہیں اور اب ظلم کا بدلہ لینے کے لئے نکلے ہیں۔ نواز شریف اور شہباز شریف رائیونڈ میں بیٹھے ہیں اور انہیں وہاں سے نکلنا نصیب نہیں ہوگا۔ اگر وہ یہاں آئے تو انہیں دبوچ لیا جائے گا۔ رائیونڈ ہی ان کے اقتدار کی قبر بنے گا۔ انہوں نے مظلوموں اور پر امن رہنے والوں کو کمزور سمجھا تھا لیکن وہ دیکھ لیں کہ یہ مظلوم کئی گھنٹوں سے امن کی طاقت سے ان کا مقابلہ کرتے رہے۔ وہ میڈیا کے نمائندوں اور عملے پر ہونے والے تشدد کی بھی مذمت کرتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں