میڈیا پر پولیس کا تشدد حکومت کی ناکامی ہے خواجہ سعد رفیق کا اعتراف

میڈیا پر تشدد کرنے والے اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی بھی ہونی چاہیئے، وفاقی وزیر ریلوے

اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ بہت کم نقصان ہوا ورنہ جس طرح کی صورت حال تھی تو بہت زیادہ نقصان ہو سکتا تھا، خواجہ سعد رفیق۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پولیس کو کنٹرول کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے تسلیم کرتے ہیں کہ میڈیا اہلکاروں پر پولیس کا تشدد ہماری ناکامی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پولیس نے میڈیا اہلکاروں پر جو تشدد کیا اسے ہم سب نے ٹی وی پر دیکھ لیا ہے، میڈیا پر تشدد انتہائی افسوسناک ہے، ہمیں اس پر نہ صحافی برادری سے نہ صرف معافی مانگنی چاہیئے بلکہ میڈیا پر تشدد کرنے والے اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی بھی ہونی چاہیئے۔


وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پولیس کو کنٹرول کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، ہمیں یہ تسلیم کرنا ہو گا کہ صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس کا کوئی بھی اعلیٰ افسر موقع پر موجود نہیں ہے، یہ حکومت کی ناکامی ہے، اسی طرح کی سوچ کی وجہ سے سانحہ ماڈل ٹاؤن رونما ہوا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف، وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وزیر اطلاعات پرویز رشید کو صورت حال سے آگاہ کروں گا کیونکہ اگر سپاہ کا کمانڈر ہی موقع پر موجود نہیں ہو گا تو پھر فورس کو کون کنٹرول کرے گا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ بہت کم نقصان ہوا ورنہ جس طرح کی صورت حال تھی تو بہت زیادہ نقصان ہو سکتا تھا۔ مظاہرین کو کنٹرول کرنے کے لئے فوج کو استعمال کرنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وفقی وزیر کا کہنا تھا کہ فوج کو اس طریقے سے اس معاملے میں استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
Load Next Story