صوابی:
صوابی میں کار پر اندھا دھند فائرنگ سے راہ گیر پیش امام اور خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے۔
جہانگیرہ مین روڈ پر گڈوڈ آباد لار کے مقام پر جماعت اسلامی کے سابق امیدوار برائے حلقہ پی کے 50 صوابی 2 منظور احمد خان عدالت میں تاریخ پیشی بھگتنے کے بعد واپس جا رہے تھے، جن کی کار پر مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس سے کار میں سوار ان کے دو ذاتی سیکورٹی گارڈز، راہگیر پیش امام اور راہگیر خاتون جاں بحق جبکہ منظور احمد خان سمیت 10 راہگیر شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس تھانہ صوابی کی رپورٹ کے مطابق منظور خان سکنہ مرغز نے زخمی حالت میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ منگل کہ سہ پہر ایڈیشنل سیشن جج شاہ منصور صوابی کی عدالت میں تاریخ پیشی بھگتنے کے بعد اپنی موٹر کار میں ڈی پی او آفس جا رہے تھے، جب گاڑی جہانگیرہ مین روڈ پر گڈوڈ آباد کے مقام پر پہنچی تو وہاں موٹر کار میں سوار تاک میں بیٹھے ڈاکٹر معین اور ان کے بیٹوں ضیاء، دانیال اور ان کے ساتھی نسیم ساکنان مرغز نے کار پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار ان کے ذاتی دو گنرز 31 سالہ محمد غفار سکنہ آزاد کشمیر حال مرغز، 25 سالہ صابر اللہ سکنہ زروبی حال مرغز، دو راہگیر جامع مسجد طور خیل صوابی کے پیش امام مولانا حافظ آفتاب احمد سکنہ صوابی اور 46 سالہ راہگیر خاتون زوجہ حامد سکنہ مانیری پایاں بھی جاں بحق ہو گئی۔
فائرنگ سے مدعی منظور خان کے علاوہ 10 راہگیر رحمان شیر سکنہ مانیری، سید عبدالظاہر سکنہ میاں ڈھیری، عمران سکنہ صوابی، محمد عامر سکنہ شیوہ اڈہ، سمیع الحق سکنہ قدرہ، یوسف علی سکنہ بام خیل، عتیق الرحمان سکنہ مانیری،، ناصر سکنہ لاہور اور مسعود خان سکنہ گلو ڈھیری شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو کی میڈیکل ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق افراد اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال صوابی اور باچہ خان میڈیکل کمپلیکس شاہ منصور منتقل کیا، رپورٹ میں وجہ عناد سابقہ دشمنی بیان کی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ 25 اکتوبر کی رات کو ملزم معین کا بیٹا محمد یامین قتل ہوا تھا جس کی دعویداری ان پر اور ان کے ذاتی ملازمین مقتولین محمد غفار اور صابر اللہ پر کی گئی تھی، صوابی پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
واقعے کے خلاف عوام، علماء کرام، تاجروں، بزرگوں اور نوجوانوں نے امن چوک صوابی میں شہید مولانا حافظ آفتاب احمد کی لاش سڑک پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مولانا کے قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے جبکہ افسوس ناک واقعے میں غفلت برتنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے۔
ڈی ایس پی صوابی امتیاز خان نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو 3 دن کے اندر ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کرادی۔