تاخیر سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کو ریلیف دینے کا فیصلہ

انکم ٹیکس رولز 2002 میں مزید ترامیم کر دیں، تاخیر سے ٹیکس دینے والے سرچارج سے مستثنیٰ اور اے ٹی ایل میں ہوں گے


ارشاد انصاری November 10, 2026

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے تاخیر سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے افراد کو سرچارج کے بغیر ایکٹیو ٹیکس پیئر لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کی جاری کردہ کے تحت ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے مقررہ یا توسیع شدہ تاریخ کے بعد جمع کرانے والے انفرادی ٹیکس دہندگان کو سرچارج کی ادائیگی کے بغیر ایکٹیو ٹیکس پیئر لسٹ (اے ٹی ایل) میں شامل کرنے کے لیے انکم ٹیکس رولز 2002 میں مزید ترامیم کر دی ہیں۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایسے افراد کو آئی آر آئی ایس کے ذریعے فارم اے ٹی ایل یو میں چھ ماہ کا تحریری اقرار نامہ جمع کرانا ہوگا جس کے تحت وہ اقرار نامہ جمع کرانے کی تاریخ سے اگلے چھ ماہ تک کوئی جائیداد خریدنے، حاصل کرنے یا اس میں ملکیتی یا مفاداتی حق حاصل کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فارم کامیابی سے جمع ہونے پر آئی آر آئی ایس کی جانب سے الیکٹرانک رسید جاری کی جائے گی اور اسی تاریخ سے چھ ماہ کی مدت شروع ہوگی۔ ایف بی آر کو اقرار نامے کی شرائط پر عمل درآمد کی تصدیق کا اختیار حاصل ہوگا اور اس مقصد کے لیے وہ متعلقہ اداروں، ایجنسیوں، رجسٹریوں، مالیاتی اداروں اور دیگر قانونی ذرائع سے معلومات حاصل کر سکے گا۔

ایف بی آر کے مطابق اگر تصدیق کے دوران یہ ثابت ہو جائے کہ متعلقہ فرد نے چھ ماہ کی مدت کے دوران کوئی جائیداد خریدی، حاصل کی یا اس میں ملکیتی یا مفاداتی حق حاصل کیا ہے تو اسے الیکٹرانک طور پر اپنا موٴقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا جبکہ خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں سرچارج سے استثنیٰ کا فائدہ ختم کر دیا جائے گا اور ایکٹیو ٹیکس پیئر لسٹ میں شمولیت کا معاملہ سابقہ قواعد کے تحت طے ہوگا۔

ایف بی آر کے مطابق فارم میں ٹیکس دہندہ کا نام، شناختی کارڈ یا این ٹی این نمبر، ٹیکس سال، گوشوارہ جمع کرانے کی تاریخ، آئی آر آئی ایس رسید یا ریفرنس نمبر اور اقرار نامہ جمع کرانے کی تاریخ درج کرنا لازم ہوگا۔