ایک کے بعد ایک سرپرائز آئے گا، ایرانی کمانڈر کا نئی میزائل سٹی کے افتتاح پر دشمن کو دھمکی

ایران نے اپنے دشمنوں کے خلاف لڑتے ہوئے مثالی کامیابی حاصل کرلی ہے، میجر جنرل علی عبداللہی


ویب ڈیسک November 10, 2026
فوٹو: ایرانی میڈیا

ایران کے مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل علی عبداللہی نے نئی میزائل سٹی کے افتتاح کے موقع پر دشمن کو دھمکی دی ہے کہ مستقبل میں کسی جنگ کی صورت میں ایک کے بعد ایک سرپرائز ملے گا۔

ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل علی عبداللہی نے پاسداران انقلاب کے ایرواسپیس فورس کی نئی میزائل سٹی کا افتتاح کیا اور اس موقع پر انہوں نے ایرانی مسلح افواج کی تعریف کرتے ہوئے ایرو اسپیس فورس کے عہدیداروں اور فوج میں ان کے ساتھیوں کو ملک کے حقیقی ہیروز قرار دے دیا۔

جنرل علی عبداللہی نے کہا کہ ایران نے اپنے دشمنوں کے خلاف لڑتے ہوئے مثالی کامیابی حاصل کرلی ہے، امریکا نے امریکا نے کسی بھی دوسری جنگ میں اتنے ہی عرصے کے دوران کبھی اتنی بڑی تعداد میں گولہ بارود اور فوجی سازوسامان خصوصاً اس قدر جدید ہتھیاروں کا استعمال نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اگلی جنگ میں ایک کے بعد ایک حیران کن سرپرائزز سامنے آئیں گے۔

امریکا کو جنگ میں ناکامی کے پہلوؤں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصلہ کن پہلو اسلحہ، بارود یا فوجی وسائل نہیں تھا بلکہ عوام کا اپنے ملک کے دفاع کا عزم ہے اور ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل سید ماجد موسوی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ جیسے جنگجووں اور کمانڈرز کے عزم نے دشمنوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا۔

میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا کہ مسلح افواج کسی بھی دشمن کے سامنے ڈٹ کر کھڑی رہیں گی، خواہ اس کا حجم یا فوجی صلاحیتیں کتنی ہی زیادہ کیوں نہ ہوں، مخالفین کے اندازے کبھی بھی ایران کے فیصلوں پر اثرانداز نہیں ہوں گے اور نہ ہی اس کے عزم کو کمزور کر سکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق ایران کی نئی میزائل سٹی میں نصیب پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے میزائل انفرا اسٹرکچر کے ایک اور حصے کا مظہر ہے، جو میزائل یونٹس کی آپریشنل صلاحیتوں کو تقویت دینے اور ممکنہ خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے ان کی تیاری برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا کہ اسرائیل اور امریکا نے اپنی صلاحیتوں کا آزما لیا ہے اور جنگ میں بھرپور انداز میں داخل ہوئے لیکن اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام ہوگئے لیکن ہم ان کو یقینی طور پر تباہ کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دشمنوں نے ایران کو تباہ کرنے کی کوشش کی لیکن ناکامی ہوئی، امریکا اور اسرائیل کی حکومتوں کو جنگ کے میدان میں بڑے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔