ایران، دنیا کی سب سے بڑی آف شور گیس فیلڈ میں آگ بھڑک اٹھی

گیس ذخیرے میں تقریباً 1800 ٹریلین مکعب فٹ قابلِ استعمال گیس موجود ہے


ویب ڈیسک November 10, 2026
فوٹو: رائٹرز

ایران کے جنوبی پارس گیس فیلڈ کے ایک پلیٹ فارم پر آگ بھڑک اٹھی جس پر حکام کے مطابق قابو پالیا گیا ہے جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق نائب وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ منگل کو گیس فیلڈ کے ایک پلیٹ فارم پر آگ بھڑک اٹھی تھی جسے بعد ازاں بجھا دیا گیا۔

ابتدائی طور پر گیس لیکیج یا آپریشن کے دوران پیش آنے والے کسی حادثے کو آتشزدگی کی ممکنہ وجوہات قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق متاثرہ پلیٹ فارم سے روزانہ 1 کروڑ 45 لاکھ مکعب میٹر گیس پیدا ہوتی ہے، جبکہ جنوبی پارس گیس فیلڈ کی مجموعی یومیہ پیداوار 70 کروڑ مکعب میٹر ہے۔

جنوبی پارس دنیا کا سب سے بڑا آف شور قدرتی گیس ذخیرہ ہے، جسے ایران قطر کے ساتھ مشترکہ طور پر استعمال کرتا ہے۔ قطر میں اس ذخیرے کو نارتھ ڈوم کہا جاتا ہے۔

گیس ایکسپورٹنگ کنٹریز فورم کے اعداد و شمار کے مطابق ایران نے 2024 میں مجموعی طور پر 276 ارب مکعب میٹر گیس پیدا کی، جس کا 94 فیصد ملک کے اندر استعمال ہوا۔

رپورٹ کے مطابق اس مشترکہ گیس ذخیرے میں تقریباً 1800 ٹریلین مکعب فٹ قابلِ استعمال گیس موجود ہے، جو دنیا کی 13 سالہ ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہے۔