کراچی، شہر میں پولیس مقابلے، ایک ملزم ہلاک، 6 زخمیوں سمیت 7 ملزمان گرفتار

ہلاک او زخمی ملزمان کو اسپتال منتقل کر دیا گیا


یاسین جبلپوری November 11, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلوں میں ایک ملزم ہلاک اور 6 زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے، جبکہ مجموعی طور پر 8 ملزمان پولیس کی تحویل میں آگئے۔

چھیپا حکام کے مطابق لیاقت آباد پولیس کا انگارہ گوٹھ میں ندی کے کنارے مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ ہلاک ملزم کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، جہاں اس کی شناخت زوار کے نام سے ہوئی۔

دوسری جانب ایس آئی یو پولیس کا ناظم آباد میں عباسی شہید اسپتال کے قریب مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 3 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت برکت، شاکر اور ضمیر کے نام سے ہوئی۔

گلبہار پولیس کا حاجی مرید گوٹھ میں لیاری ندی کے قریب مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ ملزم کی شناخت 42 سالہ آصف علی کے نام سے ہوئی۔

اسی طرح شارع نورجہاں پولیس نے نارتھ ناظم آباد کے بلاک آر میں کٹی پہاڑی کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا، جن میں سے 2 زخمی تھے۔ زخمی ملزمان کی شناخت محمد مصطفیٰ اور شکیل احمد جبکہ تیسرے ملزم کی شناخت فیصل کے نام سے ہوئی۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 پستول، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے۔ تمام زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔