اسلام آباد میں پرتشدد واقعات کے خلاف ایم کیوایم کی جانب سے یوم سوگ منایا گیا

شہر میں بیشتر کاروباری مراکز اور مارکیٹیں بند جبکہ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ انتہائی کم رہی۔


ویب ڈیسک August 31, 2014
شہر میں بیشتر پٹرول پمپ بند ہونے کےباعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، فوٹو: ایکسپریس

اسلام آباد میں تحریک انصاف ، عوامی تحریک کے مارچ اور میڈیا نمائندوں پر پولیس تشدد کے خلاف ایم کیوایم کی اپیل پر ملک بھر میں یوم سوگ منایا گیا جبکہ اس دوران کراچی میں بھی اتوار کے روز جزوی طور پر چلنے والا کاروبار زندگی معطل رہا۔

متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے یوم سوگ کی اپیل پر کراچی میں اتوار کے روز جزوی طور پر کھلنے والے بازار اور دیگر کاروبار زندگی بھی معطل رہا جبکہ شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ بھی انتہائی کم رہی۔ یوم سوگ کی اپیل کے بعد رات سے ہی شہر کے بیشتر پیٹرول پمپ اور سی این جی اسیٹشنوں کو بند کردیا گیا تھا جو سوگ کے دوران بھی مکمل طور پر بند رہے جس کے باعث شہریوں کو پٹرول اور سی این جی کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب نمائش چورنگی پر اسلام آباد میں تشدد کے خلاف مجلس وحدت المسلمین نے دھرنا دیا جس کےباعث ایم اے جناح روڈ کا ایک حصہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہا جبکہ اس کے علاوہ سنی تحریک اور تحریک انصاف کی جانب سے بھی شارع فیصل اور سی ویو پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات سے اسلام آباد میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے دوران اب تک 3 افراد جاں بحق جبکہ 480 زخمی ہوچکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔