راولپنڈی ٹیسٹ: دو اسپیشلسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنا پاکستان کو بھاری پڑنے لگا

دھننجیا ڈی سلوا اور کپتان کوشال مینڈس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 193 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کردی


قاسم نقوی November 11, 2026

راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز ابتدائی دو سیشنز سری لنکا نے اپنے نام کرلیے۔

مہمان ٹیم نے 114 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر کھیل کا آغاز کیا تو 155 کے مجموعی اسکور پر محمد عباس نے کامیندو مینڈس کی وکٹ حاصل کر کے ان کی دھننجیا ڈی سلوا کے ساتھ 90 رنز کی شراکت کا خاتمہ کردیا۔

تاہم پاکستانی بولرز کو اس کے علاوہ کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔ سری لنکا نے کھانے کے وقفے تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنا لیے تھے۔

دوسرے سیشن میں دھننجیا ڈی سلوا اور کپتان کوشال مینڈس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 193 رنز کی ناقابل شکست شراکت کے ذریعے اسکور 348 رنز تک پہنچا دیا۔

دھننجیا ڈی سلوا 141 اور دوسرے اینڈ پر کپتان کوشال مینڈس 90 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے سری لنکا کی چاروں وکٹیں اسپیشلسٹ فاسٹ بولرز محمد عباس اور ثاقب خان نے حاصل کی ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آخری میچ میں ڈیبیو کرنے والے رضا اللہ محض 10 فرسٹ کلاس میچز کا تجربہ رکھتے ہیں جبکہ بطور اسپیشلسٹ اسپنر ٹیم میں شامل آل راؤنڈر عرفات منہاس نے 17 فرسٹ کلاس میچز میں صرف 22 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 434 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی تھی۔ سعود شکیل (93)، طیب عارف (57)، عرفات منہاس (52)، محمد طحہٰ (51) اور کپتان بابر اعظم (50) نے نصف سنچریز اسکور کیں۔

سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنانڈو اور دلشان مدوشنکا 3، 3 وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے۔