وزیر اعظم شہباز شریف نے دورہ ترکیہ میں COP31 سربراہی اجلاس میں شرکت کی اور اس دوران عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی کیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی’’ کوپ 31‘‘سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے کانفرنس ہال آمد ، ترک صدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس (کوپ31) سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بدھ کو یہاں کانفرنس ہال پہنچ گئے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق کوپ 31 کانفرنس ہال پہنچنے پر ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کوپ 31 کانفرنس میں شریک عالمی رہنمائوں کے ہمراہ گروپ فوٹو ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کانفرنس میں شریک عالمی رہنمائوں سے ملاقات کی، ان سے مصافحہ کیا اور خیرسگالی کے جملوں کا تبادلہ کیا۔
اس دوران وزیرِ اعظم نے عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی کیں۔
وزیرِ اعظم کی مملکت سعودی عرب کے وزیرِ برائے توانائی شہزادہ عبد العزیز بن سلمان آل سعود، بنگلہ دیش کے وزیرِ اعظم طارق رحمن اور اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل اسماعیل اولد شیخ احمد سے ملاقاتیں ہوئیں.
وزیرِ اعظم کی فلسطین کے وزیرِ اعظم محمد مصطفی سے بھی ملاقات ہوئی. وزیرِ اعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے ساتھ حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا. فلسطینی وزیرِ اعظم نے عالمی سطح پر فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف مؤثر انداز میں آواز اٹھانے اور فلسطینی مؤقف کی تائید پر حکومت اور پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کیا.
وزیرِ اعظم کی خاتون اول ترکیہ امینہ اردوان، شام کے صدر احمد الشرع، مملکت سعودی عرب کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ عادل بن احمد الجبیر اور ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا سے بھی ملاقاتیں ہوئیں.
خوشگوار ماحول میں ہوئی ان ملاقاتوں میں وزیرِ اعظم اور عالمی رہنماؤں کے مابین دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی اور خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوئی.
ملاقاتوں میں موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے سب سے ذیادہ متاثر ممالک کی مشکلات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی اہمیت کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی.