محمود اچکزئی سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور اسد قیصر کی اہم ملاقات

ملاقات میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق خبروں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا


اسامہ اقبال November 11, 2026

اسلام آباد:

محمود خان اچکزئی سے اسد قیصر اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ملاقات کی، جس میں بانی پی ٹی آئی کی صحت، عدالتی فیصلوں اور زیر حراست رہنماؤں کی رہائی سے متعلق تشویش کا اظہار کیا گیا۔

ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان کے مطابق ملاقات محمود خان اچکزئی کی رہائش گاہ پر ہوئی، جس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق خبروں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

ملاقات کے اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے فیصلے پر فوری اور مکمل عملدرآمد کیا جائے۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان نے مطالبہ کیا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد منتقل کیا جائے اور انہیں مکمل اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اعلامیے میں وفاقی آئینی عدالت کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ کو مقدمات کی سماعت سے روکنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق گورنر راج، ایمرجنسی اور ایم پی او کے تحت قائم مقدمات کی سماعت روکنے کا اقدام یکطرفہ ہے، جس کے خلاف وفاقی آئینی عدالت میں باقاعدہ پٹیشن دائر کی جائے گی۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان نے خیبر پختونخوا کے منتخب وزیراعلیٰ، اسپیکر اسمبلی، ارکان اسمبلی اور کارکنوں کو حراست میں رکھنے کی مذمت کی۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان نے مطالبہ کیا کہ زیر حراست تمام منتخب نمائندوں اور کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے۔

اعلامیے میں 10 نومبر کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ عدالت کے نامزد وکلا کی بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے فوری ملاقات کروائی جائے۔

ملاقات میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی صحت سے متعلق خبروں پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا کہ علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو فوری رہا کیا جائے۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے مطابق تینوں بہنوں کو ایم پی او کے تحت نظر بند کیا گیا ہے۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان نے آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی انسانی اور جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔