ٹیکنالوجی دنیا بھر میں ریاستوں اور معاشروں کی تشکیلِ نو کر رہی ہے، شزا فاطمہ

معرکہ حق میں پاکستان کی عسکری کامیابی کے ساتھ سائبر صلاحیتوں کا بھی اظہار ہوا، وزیر آئی ٹی


نعیم اصغر November 11, 2026

اسلام آباد:

وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی دنیا بھر میں ریاستوں اور معاشروں کی تشکیلِ نو کر رہی ہے، مصنوعی ذہانت نے تبدیلی کی رفتار کو مزید تیز کردیا ہے۔

اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ کے دوسرے روز خطاب کرتے ہوئے شزا فاطمہ نے کہا کہ تعلیم، صحت، مالیات اور قومی سلامتی سمیت زندگی کا کوئی شعبہ ٹیکنالوجی کے اثرات سے محفوظ نہیں، آج اصل سوال یہ نہیں کہ دنیا کیسے بدلے گی بلکہ یہ ہے کہ اس تبدیلی کی سمت کون متعین کرے گا؟۔

انہوں نے کہا کہ ہر کلک اور ہر اسکرول کے ذریعے ہماری حقیقت اور سوچ کو تشکیل دیا جا رہا ہے، یہ اہم سوال ہے کہ ڈیجیٹل دنیا میں ہماری ترجیحات اور سماجی رویوں کی تشکیل کون کر رہا ہے؟ پاکستان کی دو تہائی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، ڈیجیٹل تبدیلی نوجوان نسل کے مستقبل کے لیے اہم ہے۔

شزا فاطمہ نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے اس دور میں پاکستان کی معاشی اور قومی سلامتی کے ساتھ سماجی شناخت بھی داؤ پر لگی ہے، مصنوعی ذہانت کے بڑھتے اثرات کے پیش نظر پاکستان کو اپنی ڈیجیٹل ترجیحات کا تعین کرنا ہوگا، ٹیکنالوجی کی عالمی تبدیلی میں پاکستان کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

وزیر آئی ٹی نے کہا کہ پاکستان محدود وسائل کے باوجود ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے عالمی اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ تعاون بڑھا رہا ہے، پاکستان میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، مہارتوں، جدت اور کنیکٹیویٹی کے لیے ایک ارب ڈالر متحرک کرنے کا منصوبہ ہے، ایک ارب ڈالر کا منصوبہ پاکستان کے ڈیجیٹل نظام کی بنیادی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں مدد دے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لیے بنیادی کمپیوٹنگ انفراسٹرکچر تیار کر رہا ہے، مصنوعی ذہانت کے انفراسٹرکچر کی تیاری اس شعبے کا سب سے زیادہ سرمایہ طلب مرحلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کی عسکری کامیابی کے ساتھ سائبر صلاحیتوں کا بھی اظہار ہوا، وزیراعظم اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے جنگ کے دوران قیادت کرتے ہوئے اہم کردار ادا کیا، سائبر دفاع پاکستان کی قومی سلامتی کا اہم جزو بن کر سامنے آیا ہے، پاکستان اپنی خودمختار تکنیکی صلاحیتوں اور سائبر دفاعی نظام کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔

شزا فاطمہ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے چیلنجز کے باوجود نوجوانوں میں اعتماد پیدا کرنا ضروری ہے، پاکستان کے نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے مواقع اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا ہوگا، قومی خودمختاری اور سائبر سکیورٹی پاکستان کی تکنیکی ترقی کی حکمت عملی کے بنیادی ستون ہیں۔