اسلام آباد:
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے اجلاس میں پمز اسپتال کی انکوائری رپورٹ پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور رکن کمیٹی ڈاکٹر شازیہ سومرو کے درمیان نوک جھونک ہوئی۔ ڈاکٹر شازیہ سومرو نے کہا کہ وفاقی وزیر صحت پمز انکوائری رپورٹ پر اجلاس میں آکر کہانیاں سناتے ہیں، تاہم اب تک کوئی عملی کارروائی نہیں ہوئی۔
ڈاکٹر مہیش کمار کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے صحت کا اجلاس ہوا جس میں ڈاکٹر شازیہ سومرو نے کہا کہ گزشتہ کمیٹی اجلاس میں بھی اسی معاملے پر واک آؤٹ کیا تھا، لیکن پمز سانحے پر تاحال کچھ نہیں ہوا۔ گزشتہ تین سال کے دوران پمز اسپتال کو 22 ارب روپے فراہم کیے گئے، اس لیے اسپتال کی آڈٹ رپورٹ کمیٹی میں پیش کی جائے۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے جواب دیا کہ وزارت صحت پمز سانحے کی انکوائری رپورٹ پر عمل درآمد کرچکی ہے، مزید انکوائری اب وزارت داخلہ کے سپرد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پمز سانحے کے حوالے سے وزارت صحت کی جانب سے کوئی معاملہ زیر التوا نہیں۔
اجلاس میں ایم ڈی کیٹ امتحان 2026 کے نتائج اور جائزے سمیت امتحان کو تین سال تک مؤثر رکھنے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ چیئرمین کمیٹی ڈاکٹر مہیش کمار نے استفسار کیا کہ ایم ڈی کیٹ کو تین سال تک مؤثر رکھنے کے فیصلے پر اب تک عمل درآمد کیوں نہیں ہوا؟
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ وزارت صحت نے اس فیصلے کی منظوری دے کر معاملہ کابینہ کو بھجوا دیا ہے۔ انہوں نے کمیٹی کو تجویز دی کہ سیکریٹری کابینہ کو خط لکھا جائے تاکہ ایم ڈی کیٹ کو تین سال تک مؤثر کرنے کے معاملے پر پیش رفت ہوسکے۔ چیئرمین کمیٹی نے رواں سال کے ایم ڈی کیٹ سیشن پر بھی اس فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں آئندہ ایم ڈی کیٹ امتحان کے دوران طلبہ کو سوالنامہ فراہم کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ مختلف جامعات کے وائس چانسلرز نے کمیٹی کو امتحان کے انعقاد کے حوالے سے بریفنگ دی۔
نجی میڈیکل کالجز کی فیسوں کے معاملے پر بھی ارکان نے تشویش کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر شازیہ سومرو نے کہا کہ 45 میڈیکل کالجز کی فہرست پی ایم ڈی سی کو فراہم کی گئی تھی جو 25 لاکھ روپے سے زائد فیسیں وصول کررہے ہیں، جبکہ طلبہ نے شکایت کی ہے کہ کالجز ان سے مزید 6 لاکھ روپے مانگ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ 65 اداروں نے پی ایم ڈی سی کو اپنے اخراجات زیادہ ہونے سے متعلق آگاہ کیا تھا، جن میں سے 35 میڈیکل کالجز نے اخراجات کی تفصیلات فراہم کیں۔ ان 35 کالجز کو 18 سے 21 لاکھ روپے تک فیس وصول کرنے کی اجازت دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض کالجز عدالتوں سے حکم امتناعی لے آئے تھے، تاہم اب وہ ختم ہوچکا ہے۔
صدر پی ایم ڈی سی نے کمیٹی کو بتایا کہ اضافی فیسیں وصول کرنے والے میڈیکل کالجز کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر شازیہ سومرو نے ایسے کالجز کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کی تجویز دی، جس پر صدر پی ایم ڈی سی نے کہا کہ رجسٹریشن منسوخ کرنا آخری آپشن ہوتا ہے۔
اجلاس کے دوران چیئرمین کمیٹی نے وزارت صحت کے سیکریٹریز کی بار بار تبدیلی پر بھی گلہ کیا، جس پر مصطفیٰ کمال نے جواب دیا کہ اس معاملے پر وہ بھی چیئرمین کمیٹی کے ساتھ ہیں۔