ایران نے اپنے جوہری پروگرام سے متعلق خفیہ معلومات فراہم کرنے پر 2 کروڑ ڈالر انعام کی امریکی پیشکش مسترد کرتے ہوئے اسے قابلِ نفرت اور افسوسناک اقدام قرار دے دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے گزشتہ ہفتے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اہم معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے 2 کروڑ ڈالر تک انعام اور ممکنہ طور پر محفوظ مقام پر منتقلی کی پیشکش کی تھی۔
امریکی فوج کے مطابق انعام کے حصول کے لیے ایران کی جوہری تنصیبات، آلات اور اس پروگرام سے وابستہ اہلکاروں کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ضروری ہوگا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکی اعلان کی واضح اور غیر مبہم الفاظ میں مذمت کریں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے ایک بار پھر اپنے ملک کے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ ایران کا جوہری پروگرام پُرامن مقاصد کے لیے ہے اور اسے جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے جوڑنا درست نہیں۔
وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایک پُرامن اور خالصتاً غیرجنگی استعمال کے لیے جوہری پروگرام کی جاسوسی پر اکسانا اور لالچ دینا کسی بھی مہذب ملک کو زیب نہیں دیتا۔
واضح رہے کہ ایران کے جوہری پروگرام پر سابق امریکی صدر اوباما کے دور میں عالمی قوتوں کے ساتھ ایک معاہدہ ہوا تھا جسے موجودہ صدر ٹرمپ نے اپنے گزشتہ دور میں منسوخ کردیا تھا۔