انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں سال شہریوں کے قتل کے واقعات میں 35 فیصد کمی آئی جبکہ ہم ہر 100 میں سے 35 قیمتیں جانیں بچانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی جی سندھ کراچی پولیس چیف کے ہمراہ اسٹیل ٹاؤن میں شہید ہونے والے ایس ایچ او جاوید عالم ابڑو کے اہل خانہ سے تعزیت کیلیے گھر پہنچے اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ڈی آئی جی ایسٹ فرخ لنجار اور ایس ایس پی ملیر بھی ہمراہ تھے۔ آئی جی سندھ نے جاوید عالم ابڑو کو بہادر افسر قرار دیتے ہوئے اُن کی شہادت کو محکمہ پولیس کیلیے بڑا نقصان قرار دیا۔
لواحقین سے تعزیت اور انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے آئی جی سندھ نےکہا کہ متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور پولیس کا محکمہ ہمیشہ ساتھ کھڑا رہے گا۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ شہید پولیس افسر ہمارا فخر ہیں، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، جاوید ابڑو کی قربانی اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،ملزمان کو ہر صورت گرفتار کرکے سخت سزا دلوائی جائے گی۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ شہید انسپیکٹر جاوید ابڑو کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ سال کے مقابلے شہریوں کے قتل کے واقعات میں 35 فیصد کمی آئی، ہر 100 میں سے 35 قیمتی جانیں بچانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید افسر کے قاتلوں کو اس ملک اور صوبے میں چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے، شہید جاوید ابڑو کے قتل میں ملوث ملزمان منطقی انجام تک پہنچیں گے،شہید جاوید ابڑو کے بھائی کو بھی پہلے ایک سانحے میں شہید کیا گیا تھا۔
آئی جی سندھ نے بتایا کہ جاوید ابڑو قتل کیس کا انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے جبکہ کیس کی تفتیش سی ٹی ڈی کرے گی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل اور ذرائع استعمال کیے جائیں گے۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ جاوید ابڑو قتل کیس کی تفتیش میں کافی پیش رفت ہوئی ہے، ملزمان تک پہنچنے میں پہلے قتل کیس سے بھی مدد ملی ہے،کراچی کا امن پولیس افسران اور اہلکاروں کی قربانیوں سے بحال ہوا،
پولیس نے امن کے قیام کے لیے 1400 جانوں کی قربانی دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں بھی امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، پولیس کی نوکری مشکل ہے، خصوصاً اس میں شہادت کا خطرہ رہتا ہے، پولیس کا عزم کسی صورت کم نہیں ہوگا۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ شہید اہلکار کے اہل خانہ کو سندھ حکومت کے پیکج کے تحت مراعات دی جائیں گی، بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی پولیس برداشت کرے گی جبکہ اہل خانہ کی مکمل کفالت کی جائے گی۔