لاہور:
ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 4 اور ایم 5 کے اہم حصوں پر ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوگئی، موٹروے پولیس نے مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے متعدد سیکشنز بند کردیے ہیں۔
ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم 4 کو پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک ہیوی ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے، جبکہ موٹروے ایم 5 پر ملتان سے ظاہر پیر تک دھند کے باعث ٹریفک کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے اور اگر سفر ناگزیر ہو تو دن کی روشنی میں سفر کو ترجیح دی جائے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے موسم میں محفوظ سفر کے لیے صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کا وقت اختیار کریں، دوران سفر گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ڈرائیورز لین کی پابندی کریں، غیر ضروری اوورٹیکنگ اور اچانک بریک لگانے سے گریز کریں، جبکہ دھند میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور گاڑی کی ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز کو درست حالت میں رکھیں۔
موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ محفوظ سفر کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور دھند کے دوران غیر ضروری خطرہ مول نہ لیں۔