وزیراعظم نواز شریف کے پاس وقت کم اور ان کے دن گنے جاچکے ہیں عمران خان

مجھے اورطاہرالقادری کوگرفتارکیا گیا توہم پھربھی حکومت نہیں چلنےدیں گے بلکہ پورا پاکستان بندکردیں گے،چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک August 31, 2014
جب تک نوازشریف کا استعفیٰ نہیں آتا ہم ڈٹے رہیں گے، عمران خان فوٹو: آن لائن

KARACHI / ISLAMABAD: چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں اور ان کے پاس وقت کم ہے، جھوٹی ایف آئی آر سے ڈرنے والا نہیں۔

اسلام آباد میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت نے بربریت کا مظاہرہ کیا ہم 17 روز سے پر امن مظاہرہ کررہے ہیں لیکن کیا وجہ ہوئی کہ پر امن لوگوں پر اس طرح بے دردی سے ظلم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اصل حملہ عوامی تحریک کے کارکنوں پر کیا گیا انہوں نے شہادتیں دیں ان لوگوں نے رات کو ڈٹ کر مقابلہ کیا، کل ہم تیار نہیں تھے لیکن اب ہم تیار ہیں اور اب ہم ان کا ڈٹ کا مقابلہ کریں گے جبکہ اگر مجھے اور طاہرالقادری کو گرفتار کیا گیا ہم پھربھی حکومت نہیں چلنے دیں گے ہم پورا پاکستان بند کردیں گے اب حکومت سے کوئی بات نہیں ہوگی ہمارا اب نوازشریف کا استعفیٰ اور ری الیکشن کا مطالبہ ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں آنسو گیس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا کارکنان تیار رہیں ہم مقابلہ کریں گے، عوام اگر جمہوریت چاہتے ہیں تو اپنا جمہوری حق استعمال کریں، احتجاج ہمارا حق ہے، آزادی کیلئے قربانی دینا ہوتی ہے، عوام سڑکوں پر آئیں ملک بھر میں احتجاج کریں اور راستے بند کردیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈکٹیٹر نے جمہوریت کی جو چادر اوڑھ رکھی تھی وہ اب اتر چکی ہے،فرعونوں کا مقابلہ کرنا ہمارا فرض ہے، یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ ہم گولیوں سے ڈر کر پیچھے ہٹ جائیں گے جبکہ ایک بار بتادینا چاہتے ہیں کہ جب تک نوازشریف کا استعفیٰ نہیں آتا ہم ڈٹے رہیں گے۔ اس موقع پر عمران خان نے استعفیٰ نہ دینے والے تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی گلزار احمد، ناصر خٹک اور مسرت زیب کو پارٹی سے نکالنے کا بھی اعلان کیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔