چترال اور سوات میں برفباری، پہاڑوں کے خوبصورت مناظر نے دل موہ لیے

موسم سرد ہونے کے باعث شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا


ویب ڈیسک November 12, 2026

پشاور:

چترال، سوات اور پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، بالائی علاقوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی جبکہ موسم سرد ہونے کے باعث شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا۔

چترال اپر کے مختلف علاقوں تریچ، کھوت، وادی یارخون، لاسپور اور شندور میں مسلسل برفباری جاری ہے جبکہ مڈک لشٹ، گرم چشمہ، بگوشٹ، گبور، کیار اور سوسوم میں بھی برف پڑ رہی ہے۔ وادی بروغل میں نسبتاً زیادہ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔

لوئر چترال کی کالاش وادیوں کے بالائی مقامات بھی برف کی سفید چادر اوڑھ چکے ہیں جبکہ لواری ٹنل اور کریم آباد کے بالائی علاقوں میں بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

ادھر سوات کے مرکزی شہر مینگورہ میں ہلکی بارش جبکہ بالائی علاقوں مٹلتان اور مہوڈنڈ میں برفباری ہوئی، جس کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا۔ سردی کی شدت میں اضافے کے باعث شہریوں نے گرم ملبوسات پہننا شروع کر دیے۔

پشاور میں بھی ہلکی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

دوسری جانب چترال میں بارش اور برفباری کے باعث سردی بڑھنے سے شہریوں کو جلانے کی لکڑی کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ سوختنی لکڑی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے جبکہ سلنڈر گیس کی قیمتیں بھی شہریوں کی پہنچ سے باہر ہوگئی ہیں۔