بہن بھائیوں کو قتل کرنے والے بھائی کی بریت کالعدم، تین بار سزائے موت سنا دی گئی

ملزم نے اعترافی بیان میں کہا ہے کہ اس نے غیرت کے نام پر یہ اقدام اٹھایا ہے اور اسے کوئی پشیمانی نہیں ہے


یاسر علی November 12, 2026

پشاور ہائیکورٹ نے کوہاٹ میں بہن بھائیوں کو قتل کرنے والے بھائی کی بریت کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ملزم کو تین بار سزائے موت سنا دی۔

ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر جیل منتقل کر دیا۔

عدالت کے تحریری فیصلے میں لکھا ہے کہ پولیس کے مطابق ملزم حیدر علی نے غیرت کے نام پر اپنی دو بہنوں اور ایک بھائی کو قتل کیا تھا، واقعہ تھانہ کینٹ کوہاٹ کے حدود میں 30 ستمبر 2022 کو پیش آیا تھا، قاتل کی ماں کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔

فیصلے کے مطابق سیشن کورٹ نے ملزم کو 2024 میں مقدمے سے بری کیا، سیشن کورٹ فیصلے کے خلاف صوبائی حکومت نے اپیل دائر کی، سرکار کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل لاجبر خان پیش ہوئے۔ مدعیہ مقدمہ ایک ایسی بدقسمت ماں ہیں جن کے تین بچے قتل ہو چکے ہیں اور چوتھا بیٹا قاتل کی حیثیت سے کٹہرے میں کھڑا ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق ٹرائل کے دوران ماں نے بیٹے کی بریت پر اعتراض نہیں کیا، محض ماں کی ممتا یا مفاہمت کی خواہش کی بنیاد پر ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ ملزم نے مجسٹریٹ کے سامنے جرم کا اعتراف کیا ہے اور جائے وقوعہ سے تمام شواہد بھی ملے ہیں، ملزم نے اعترافی بیان میں کہا ہے کہ اس نے غیرت کے نام پر یہ اقدام اٹھایا ہے اور اسے کوئی پشیمانی نہیں ہے۔

فیصلے کے مطابق سیشن کورٹ نے کیس کے ٹھوس شواہد اور فرانزک رپورٹ کو نظر انداز کیا، ملزم کے خلاف تمام شواہد موجود ہیں لہٰذا صوبائی حکومت کی اپیل کو منظور کرکے ملزم کو تین بار سزائے موت کی سزا سنائی جاتی ہے۔