صحت، تفریح اور نجی مسائل کیلیے اے آئی پر بڑھتا انحصار، ذاتی معلومات افشا ہونے کا خدشہ

لوگ اسمارٹ چیٹ بوٹس، تصاویر اور ویڈیوز بنانے والے ٹولز سمیت مختلف اے آئی سروسز استعمال کر رہے ہیں


ارشاد انصاری November 12, 2026

اے آئی کو صحت، تفریح اور نجی مسائل کے لیے  بھی استعمال کیے جانے کا انحصار بڑھتا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے ذاتی معلومات افشا ہونے کے خدشات بھی بڑھ رہے ہیں۔

سائبر سیکیورٹی کمپنی کیسپرسکی کے ایک حالیہ سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ تقریباً 79 فیصد افراد مختلف اے آئی سروسز استعمال کر رہے ہیں، جبکہ ذاتی معاملات میں بھی مصنوعی ذہانت سے مدد لینے کا رجحان بڑھنے کے باعث پرائیویسی اور سائبر سیکیورٹی کے خدشات پیدا ہو رہے ہیں۔

کیسپرسکی کے مشرقِ وسطیٰ، ترکیہ اور افریقہ (میٹا) ریجن میں کیے گئے سروے کے مطابق مصنوعی ذہانت صارفین کی روزمرہ زندگی کا حصہ بنتی جا رہی ہے۔ لوگ اسمارٹ چیٹ بوٹس، تصاویر اور ویڈیوز بنانے والے ٹولز سمیت مختلف اے آئی سروسز استعمال کر رہے ہیں۔

سروے میں شامل 74 فیصد افراد نے بتایا کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال کا سب سے عام مقصد معلومات تلاش کرنا اور ان کا خلاصہ حاصل کرنا ہے۔ اس کے علاوہ 50 فیصد افراد تحریری مواد تیار کرنے، 42 فیصد تحریری ہدایات یا پرامپٹس کے ذریعے تصاویر بنانے اور 41 فیصد اپنی ذاتی تصاویر میں ترمیم یا تبدیلی کے لیے اے آئی استعمال کرتے ہیں۔

سروے کے مطابق 32 فیصد افراد ویڈیوز تیار کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت سے مدد لیتے ہیں۔ روزمرہ ضروریات اور عملی مشوروں کے لیے بھی اے آئی پر انحصار بڑھ رہا ہے۔ اس رجحان میں 37 فیصد افراد صحت سے متعلق سوالات کے لیے مصنوعی ذہانت استعمال کرتے ہیں۔

اسی طرح 29 فیصد افراد ویک اینڈ، تعطیلات یا تقریبات کی منصوبہ بندی جیسی تفریحی سرگرمیوں کے لیے جبکہ 23 فیصد کھانے کے مینو اور غذائی منصوبے تیار کرنے کے لیے اے آئی سے مدد لیتے ہیں۔ سروے میں شامل 41 فیصد افراد نے بتایا کہ وہ دیگر ذاتی مسائل کے حوالے سے مشورے حاصل کرنے کے لیے بھی مصنوعی ذہانت استعمال کرتے ہیں۔

کیسپرسکی کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے ساتھ اس طرح کے تبادلوں میں ذاتی معلومات شامل ہو سکتی ہیں، جس سے پرائیویسی اور سیکیورٹی کے خطرات پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ اگر یہ معلومات افشا ہو جائیں، تیسرے فریق کے ہاتھ لگ جائیں یا سائبر مجرموں کی رسائی میں آ جائیں تو ان کا غلط استعمال کیا جا سکتا ہے۔

سروے میں انکشاف ہوا کہ تقریباً ہر 10 میں سے ایک فرد کو پہلے ہی مصنوعی ذہانت کی جانب سے فراہم کردہ غلط معلومات کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے، جبکہ 24 فیصد افراد کا خیال ہے کہ اے آئی غیر درست جوابات بھی فراہم کر سکتی ہے۔

کیسپرسکی کے مشرقِ وسطیٰ، ترکیہ اور افریقہ میں کنزیومر چینل کے سربراہ سیف اللہ جیدی کا کہنا ہے کہ صارفین کو اے آئی سروسز کی حدود اور ان سے وابستہ ممکنہ خطرات سے آگاہ ہونا چاہیے۔ وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والے پلیٹ فارمز میں بھی ایسی خامیاں موجود ہو سکتی ہیں جن کے باعث ڈیٹا افشا ہونے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان پلیٹ فارمز کے ساتھ شیئر کی جانے والی معلومات کو متعلقہ سروس اور اس کی پالیسیوں کے مطابق پراسیس کیا جا سکتا ہے یا تیسرے فریق تک رسائی حاصل ہو سکتی ہے۔ لہٰذا صارفین کے لیے ضروری ہے کہ وہ محفوظ ڈیجیٹل عادات اپنائیں، معلومات کی تصدیق کریں، ذاتی ڈیٹا کے استعمال میں احتیاط برتیں اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جوابات کا تنقیدی جائزہ لیں۔

کیسپرسکی کے ماہرین نے مصنوعی ذہانت استعمال کرتے وقت سائبر سیکیورٹی کے خطرات کم کرنے کے لیے صارفین کو ہدایت دی ہے کہ اے آئی سروسز کے ساتھ حساس، خفیہ یا نجی معلومات شیئر کرنے سے گریز کریں۔ جعلی اے آئی سروسز اور ان کے نام پر ہونے والے فراڈ سے بھی ہوشیار رہیں۔

ماہرین کے مطابق فشنگ ویب پیجز، نقصان دہ سافٹ ویئر اور جعلی ویب سائٹس اکثر مستند پلیٹ فارمز کی نقل کرتے ہیں یا جعلی ٹولز کے ذریعے صارفین کو دھوکہ دینے کی کوشش کرتے ہیں۔

کیسپرسکی کے مطابق کیسپرسکی پریمیم جیسے جامع سیکیورٹی سلوشنز اے آئی پر مبنی ٹیکنالوجیز کے ذریعے روزمرہ ڈیجیٹل سرگرمیوں کے دوران صارفین کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔