متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے جبکہ حادثے میں 18 گاڑیاں اور پانچ ٹرک شامل تھے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں اماراتی، پاکستانی، بھارتی، عمانی، برازیلی، اردنی اور مصری شہری بھی شامل ہیں۔ لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
فجیرہ پولیس کا کہنا ہے کہ شیخ خلیفہ بن زاید روڈ پر فجیرہ کے داخلی راستے کے قریب ایک ٹرک کا ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور پہلے ایک دوسری گاڑی سے ٹکرا گیا۔
اس کے بعد ٹرک الٹ کر ٹریفک کی سست رفتاری کے باعث رکی ہوئی متعدد گاڑیوں سے جا ٹکرایا جس سے ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے دوسری گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
پولیس، امدادی کارکنوں، ایمبولینس اور شہری دفاع کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ زخمی ہونے والے 30 افراد میں سے 15 کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا جبکہ باقی 15 زیر علاج ہیں۔
پولیس نے حادثے کی قانونی اور فنی تحقیقات جاری رکھنے کی تصدیق کرتے ہوئے شہریوں کو افواہوں کے بجائے سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔