وزیراعظم کا بڑا فیصلہ؛ وفاقی تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی اہلکاروں کے قیام پر پابندی عائد

وفاقی اساتذہ کو انتخابی فرائض، مردم شماری، گھریلو سروے اور دیگر انتظامی ذمہ داریوں پر بھی تعینات نہیں کیا جائے گا


ضیغم نقوی November 12, 2026

اسلام آباد:

وزیراعظم نے وفاقی تعلیمی اداروں میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے قیام پر پابندی عائد کردی، اساتذہ کو انتخابی اور انتظامی ڈیوٹیوں سے بھی استثنیٰ دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق وفاقی نظامتِ تعلیم (ایف ڈی ای) کے زیرِ انتظام کسی بھی اسکول یا کالج کی عمارت، کلاس روم یا دیگر سہولیات کو پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کسی بھی مقصد کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکے گا، جبکہ اساتذہ کو انتخابی فرائض، مردم شماری، گھریلو سروے اور دیگر انتظامی ذمہ داریوں پر بھی تعینات نہیں کیا جائے گا۔

وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے وزیراعظم کی ہدایات پر عمل درآمد کے لیے باضابطہ آفس میمورنڈم جاری کر دیا۔

وزارت کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق وزیراعظم نے 4 نومبر 2026ء کو جاری کردہ ہدایات میں واضح کیا تھا کہ وفاقی تعلیمی اداروں کی عمارتیں اور دیگر سہولیات صرف تعلیمی مقاصد کے لیے استعمال کی جائیں گی اور انہیں کسی بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے کے حوالے نہیں کیا جائے گا۔اسکولوں اور کالجوں میں پولیس کیمپ قائم کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

سرکاری مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ وفاقی نظامتِ تعلیم کے زیرِ انتظام اسکولوں اور کالجوں کی عمارتوں، کلاس رومز اور دیگر سہولیات کو پولیس یا کسی دوسرے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے عارضی کیمپ، اہلکاروں کی تعیناتی، حراستی مراکز یا دیگر آپریشنل سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔

 

مراسلے کے مطابق تعلیمی اداروں کی عمارتوں اور سہولیات کو کسی بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے کے قبضے یا استعمال میں دینے کی اجازت نہیں ہوگی۔ وزیراعظم نے وفاقی تعلیمی اداروں کے اساتذہ سے تدریسی ذمہ داریوں کے علاوہ انتظامی فرائض لینے سے بھی روک دیا ہے۔

سرکاری مراسلے کے مطابق ایف ڈی ای کے اساتذہ کو آئندہ انتخابی ڈیوٹیوں، مردم شماری، گھر گھر سروے اور دیگر انتظامی کاموں کے لیے طلب نہیں کیا جا سکے گا۔

وزیراعظم کی ہدایات میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ایسے اساتذہ جو پہلے ہی غیر تدریسی یا انتظامی ذمہ داریوں پر تعینات ہیں، ان کی متعلقہ ڈیوٹیاں فوری طور پر منسوخ کی جا سکتی ہیں تاکہ وہ اپنی تدریسی ذمہ داریوں پر توجہ دے سکیں۔

وزارتِ وفاقی تعلیم کی جانب سے جاری کردہ آفس میمورنڈم سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی ارسال کردیا گیا ہے۔