اسلام آباد:
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چائے کی پیداوار اور فروخت کی نگرانی اور ٹیکس چوری روکنے کے لیے پیک شدہ چائے کی پیداوار کی الیکٹرانک نگرانی کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے چائے کے ہر ریٹیل پیک پر مشین سے پڑھا جانے والا بارکوڈ لگانا لازمی قرار دے دیا ہے۔
ایف بی آر نے تمام مینوفیکچررز اور پیکرز کو 10 دسمبر تک نظام نصب کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ اطلاق بلیک ٹی، گرین ٹی، فلیورڈ ٹی، ٹی بیگز، انسٹنٹ ٹی، چائے کے عرق اور چائے پر مشتمل مختلف پری مکسز سمیت تمام اقسام کی پیک شدہ چائے پر ہوگا۔
اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سیلز ٹیکس جنرل آرڈر جاری کر دیا ہے جس کے ذریعے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پیک شدہ چائے کی پیداوار کی الیکٹرانک مانیٹرنگ لازمی قرار دیتے ہوئے ملک بھر میں چائے کی تیاری، مختلف اقسام کی آمیزش اور ریٹیل پیکنگ میں مصروف تمام رجسٹرڈ اداروں، بشمول ٹول اور کنٹریکٹ پیکرز کو مقررہ الیکٹرانک پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم نصب اور فعال کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
پیکجڈ چائے بنانے اور پیک کرنے والی کمپنیوں کے لیے جاری کردہ نئی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ چائے کے ہر برانڈ، وزن اور پیکنگ کے لیے الگ بارکوڈ رجسٹر کروانا ہوگا، چائے کی پیداوار اور پیکنگ کا ڈیٹا فوری طور پر ایف بی آر کو منتقل ہوگا، نئے یا تبدیل شدہ پیکج کی رجسٹریشن پیکنگ سے 7 دن پہلے کروانا ہوگی۔
سیلز ٹیکس جنرل آرڈر کے مطابق چائے کی پیکنگ کرنے والی کمپنیوں کو 10 دسمبر تک مانیٹرنگ سسٹم لگانا ہوگا، دستی طریقے سے پیکنگ کرنے والی کمپنیوں کو بھی اسکیننگ کا انتظام کرنا ہوگا جبکہ بارکوڈ ہٹانے، چھپانے یا تبدیل کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
نئے احکامات پیکجڈ چائے بنانے، بلینڈ اور پیک کرنے والی تمام رجسٹرڈ کمپنیوں پر لاگو ہوں گے۔
ایف بی آر کے منظور شدہ وینڈر سے بارکوڈ اور پیکنگ کی رجسٹریشن کروانا ہوگی، چائے کی ہر پیکنگ لائن پر الیکٹرانک مانیٹرنگ سسٹم نصب کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ سسٹم چائے کے ہر پیک پر بارکوڈ اسکین اور پیکٹوں کی تعداد ریکارڈ کرے گا، غیر رجسٹرڈ بارکوڈ والے چائے کے پیکٹ تیار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ الیکٹرانک نگرانی کے بغیر پیکجڈ چائے فیکٹری سے باہر نہیں نکالی جا سکے گی۔
ایف بی آر کے مطابق اس نظام کے تحت ہر مینوفیکچرنگ اور پیکنگ یونٹ کی ہر پیکنگ لائن پر مناسب ہارڈویئر اور سافٹ ویئر نصب کیا جائے گا، جو ہر ریٹیل پیک پر موجود بارکوڈ اسکین کرکے اس کی شناخت (ایس کے یو) اور تعداد کا ریکارڈ مرتب کرے گا۔
اس حکم کا اطلاق بلیک ٹی، گرین ٹی، فلیورڈ ٹی، ٹی بیگز، انسٹنٹ ٹی، چائے کے عرق اور چائے پر مشتمل مختلف پری مکسز سمیت تمام اقسام کی پیک شدہ چائے پر ہوگا۔
ایف بی آر نے ایسے تمام اداروں کو جن کی مصنوعات پر بارکوڈ موجود نہیں یا ایک ہی بارکوڈ مختلف مصنوعات کے لیے استعمال ہو رہا ہے، ہدایت کی ہے کہ وہ آرڈر کے اجرا کے 15 دن کے اندر ہر منفرد پروڈکٹ کے لیے الگ اور منفرد بارکوڈ مختص کریں، اسے پیکٹ پر نمایاں اور اسکین کے قابل جگہ پر پرنٹ یا پائیدار لیبل کے ذریعے چسپاں کریں اور برانڈ، آمیزش، وزن، پیکنگ کی قسم، ریٹیل قیمت، بارکوڈ نمبر اور پیکٹ کی تصویر سمیت تمام تفصیلات مجاز وینڈر کے پاس رجسٹر کرائیں۔
نئی مصنوعات یا موجودہ مصنوعات میں کسی بھی تبدیلی کی صورت میں متعلقہ تفصیلات پیکنگ سے کم از کم سات روز قبل رجسٹر کرانا ہوں گی۔ دستی پیکنگ کرنے والے اداروں کو بھی کنویئر یا مخصوص اسکیننگ پوائنٹ قائم کرنا ہوگا تاکہ ہر پیکٹ کی گنتی اور مانیٹرنگ ممکن ہوسکے۔
حکم نامے کے مطابق تمام متعلقہ ادارے 10 دسمبر 2026 تک الیکٹرانک مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب، انضمام اور فعالیت سمیت تمام ضروری انتظامات مکمل کریں گے، جبکہ مانیٹرنگ کے بغیر کسی بھی پیک شدہ چائے کو کاروباری مقام سے باہر لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اداروں کو سسٹم کے لیے ضروری آئی ٹی سہولیات، رابطے اور بجلی کی فراہمی کے ساتھ مقررہ فیس اور چارجز بھی ادا کرنا ہوں گے۔
ایف بی آر نے اس مقصد کے لیے چار مجاز وینڈرز، ایکسیلنس ڈیلیورڈ، نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن، ٹول لنک پاکستان اور اے جے سی ایل کو بھی نامزد کیا ہے۔
حکم نامے کے تحت متعلقہ چیف کمشنرز ان لینڈ ریونیو کو فوکل پرسنز مقرر کرنے اور اپنے دائرہ اختیار میں کام کرنے والے تمام متعلقہ مینوفیکچررز اور پیکرز کو اس نظام کے تحت لانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جبکہ جاری کردہ فہرست کو حتمی نہیں قرار دیا گیا اور اس میں شامل نہ ہونے والے دیگر متعلقہ رجسٹرڈ اداروں کو بھی اس نظام کا پابند بنایا جائے گا۔