اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن و دیگر کو نوٹس جاری کر دیے


فیاض محمود November 13, 2026
فوٹو فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول سے متعلق الیکش کمیشن کا 21 اکتوبر کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔

ہائیکورٹ کے جسٹس عمیر مجید ملک نے حکم امتناع جاری کر دیا۔

عدالت نے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کرتے ہوئے 26 نومبر تک الیکشن کمیشن و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات رکوانے کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکمنامہ بھی جاری کر دیا گیا جس کے مطابق انتخابی شیڈول معطل کرنے کی درخواست منظور کر لی گئی۔

تحریری حکمنامے کے مطابق قانون کے تحت ہر یونین کونسل 9 وارڈز میں تقسیم تھی، وکیل کے مطابق الیکشن کمیشن نے 12 دسمبر 2024 کو حلقہ بندی تبدیل کی، جس کے بعد 26 دسمبر 2025 کا انتخابی شیڈول جاری کیا جسے بعد میں واپس لے لیا گیا۔

حکم نامے میں لکھا ہے کہ وکیل کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل ٹریٹری لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2026 کے نفاذ سے تین ٹاؤن کارپوریشنز بنائی گئیں، یونین کونسلوں کی تعداد 125 سے بڑھا کر 130 کر دی، آرڈیننس 2026 کے تحت نو وارڈز کے بجائے مردم شماری بلاکس کی بنیاد پر حلقہ بندی کا طریقہ کار اپنایا گیا۔

تحریری حکم نامے کے مطابق وکیل نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے 14 اکتوبر 2026 کو 130 یونین کونسلوں کی حتمی فہرست جاری کی، 120 دن کی ایک توسیع کے بعد لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2026 آئین کے آرٹیکل 89 کے تحت غیر مؤثر ہونے پر ایکٹ 2015 بحال ہوگیا، الیکشن کمیشن نے 21 اکتوبر 2026 کو بحال شدہ قانون پر انتخابات کرانے کا فیصلہ کر کے اسی روز انتخابی شیڈول جاری کیا۔

درخواست گزار کے مطابق الیکشن کمیشن کے حکم میں بحال شدہ قانون کے تحت 125 یونین کونسلوں کے نو وارڈز یا میٹروپولیٹن کارپوریشن کی حلقہ بندی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، پٹشنر کے مطابق ترمیم شدہ قانون کے تحت کی جانے والی حدبندی بحال شدہ ایل جی ایکٹ 2015 کے تحت انتخابات کی بنیاد نہیں بن سکتی۔

حکم نامے کے مطابق انتخابات کے انعقاد سے قبل ایل جی ایکٹ 2015 اور الیکشنز ایکٹ کے مطابق نئی حدبندی اور ووٹر لسٹوں کی تیاری ضروری ہے، درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ مطلوبہ حدبندی کے بغیر انتخابات کا انعقاد آئین کے آرٹیکل 218(3)، ایل جی ایکٹ 2015 اور الیکشنز ایکٹ کی خلاف ورزی اور سرکاری فنڈز کا ضیاع ہے۔

عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 26 نومبر 2026 تک ملتوی کرتے ہوئے بلدیاتی انتخاب کا الیکشن شیڈول 26 نومبر تک معطل کر دیا۔

وکیل درخواست گزار کے مطابق الیکشن کمیشن قانونی طور پر منصفانہ، صاف اور شفاف انتخابات کروانے کا زمہ دار ہے۔ شہری امجد علی نے عادل عزیز قاضی ایڈوکیٹ کے ذریعے عدالت سے رجوع کیا تھا۔