خبر سے کردار کشی تک: ’ یہ محض ٹرولنگ نہیں، ڈیجیٹل تشدد ہے‘

سوشل میڈیا پر ہونیوالے حملوں میں ریپ، قتل کی دھمکیاں اور کردار کشی بھی شامل، انہیں نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے، غریدہ فاروقی


کامران سرور November 14, 2026

خواتین صحافیوں کے خلاف سوشل میڈیا پر ہونے والے حملوں کو محض ’’ٹرولنگ‘‘ کہنا درست نہیں، کیونکہ ان میں ریپ اور قتل کی دھمکیاں، کردار کشی اور خاموش کرانے کی کوششیں بھی شامل ہیں۔ سینئر صحافی اور اینکر پرسن غریدہ فاروقی کے نزدیک یہ آن لائن جرائم اور ڈیجیٹل تشدد ہے، جسے معمولی سوشل میڈیا سرگرمی سمجھ کر نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔

غریدہ فاروقی کے مطابق خواتین صحافیوں کے خلاف آن لائن ہراسانی کا سلسلہ نیا نہیں اور انہیں 2010 سے اس نوعیت کے حملوں کا سامنا ہے، چونکہ اس وقت سوشل میڈیا آج کی طرح عام نہیں تھا اور لوگوں کو بھی آن لائن تشدد کی سنگینی کا مکمل ادراک نہیں تھا، لیکن وقت کے ساتھ ان حملوں کی شدت اور طریقوں میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے خواتین صحافیوں کے خلاف نازیبا تبصرے کیے جاتے یا ان کی تصاویر میں ردوبدل کرکے انہیں غلط انداز میں پیش کیا جاتا تھا، لیکن اب مصنوعی ذہانت اور ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ذریعے بھی انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس میں بعض اوقات ویڈیوز میں ان کے لباس اور دیگر ظاہری پہلوؤں کو تبدیل کرکے جعلی مواد تیار کیا جاتا ہے، جبکہ ذاتی اور خاندانی تصاویر کو بھی استعمال کیا جاتا ہے، جن کا ان کے صحافتی کام سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔

غریدہ فاروقی کے بقول ان حملوں کا مقصد صرف کسی خاتون صحافی کو بدنام کرنا نہیں بلکہ اسے خاموش کرانا اور اس کے پیشہ ورانہ کام میں رکاوٹ ڈالنا بھی ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ ’’گالی اور گولی‘‘ کو الگ نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ دونوں کا مقصد صحافی کو خاموش کرنا ہے۔

غریدہ فاروقی کا کہنا ہے کہ ان حملوں کے باوجود انہوں نے اپنے صحافتی کام کو جاری رکھا اور متعلقہ اداروں سے رجوع کیا۔ ان کے مطابق، وہ ایف آئی اے، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اور عدالتوں میں دو درجن سے زائد درخواستیں اور پٹیشنز دائر کرچکی ہیں، تاہم ان میں سے صرف چند پر جزوی کارروائی ہوئی۔

انہوں نے ڈاکٹر عمر عادل کے خلاف اپنے ایک کیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس معاملے میں متعلقہ ادارے نے ملزم کو گرفتار کیا تھا۔ اسی طرح سابق وزیر مملکت زرتاج گل کے خلاف درج کرائی گئی شکایت کے حوالے سے انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے خلاف مہم چلائی گئی اور بعد میں اثر و رسوخ استعمال کرکے ایف آئی اے سے کیس ختم کروایا گیا۔

غریدہ فاروقی کے مطابق، پاکستان میں متعلقہ قوانین اور ادارے موجود ہیں اور شکایات وصول بھی کی جاتی ہیں، لیکن متاثرین کو فوری انصاف نہیں ملتا۔ طویل قانونی عمل، بار بار پیروی اور کارروائی میں تاخیر متاثرہ خواتین کے لیے تھکا دینے والی ثابت ہوتی ہے۔

اس حوالے سے جب این سی سی آئی اے سے سوال پوچھا گیا تو انہوں نے وضاحت کی کہ ادارے کی پالیسی کے تحت کسی دوسرے شخص کو شکایت کنندہ یا ملزم سے متعلق معلومات فراہم نہیں کی جاسکتیں اور غریدہ فاروقی خود ادارے سے رابطہ کریں تو ان کی شکایات پر بات ہوسکتی ہے۔

غریدہ فاروقی کا مؤقف اس مسئلے کے ایک وسیع تر پہلو کو سامنے لاتا ہے، جب کہ صحافی فہیمیدہ یوسفی کا تجربہ بتاتا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک خبر شیئر کرنا بھی کس طرح ذاتی حملوں اور کردار کشی کا سبب بن سکتا ہے۔

ایک خبر شیئر کی، پھر ذاتی زندگی نشانے پر آگئی

کراچی سے تعلق رکھنے والی خاتون صحافی فہیمیدہ یوسفی کے لیے بھی سوشل میڈیا پر ایک خبر شیئر کرنا ہراسانی کے ایک ناخوشگوار تجربے کا آغاز بن گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک خبر شیئر کرنے کے بعد اچانک ان کے خلاف سوشل میڈیا پر تبصرے اور حملے شروع ہوگئے جب کہ اس مہم میں محض انفرادی اکاؤنٹس ہی نہیں بلکہ ایک سیاسی گروپ سے وابستہ اکاؤنٹس بھی شامل تھے۔

فہیمیدہ یوسفی بتاتی ہیں کہ ابتدا میں انہیں گالیاں دی گئیں، پھر دھمکیاں ملنے لگیں اور معاملہ ان کی ذاتی زندگی اور کردار کشی تک پہنچ گیا، یہاں تک کہ سوشل میڈیا پر ان کے بارے میں دو طلاقوں اور تیسری شادی سے متعلق باتیں پھیلائی گئیں، جس کا حقیقت سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں تھا۔

ایک سوال کے جواب میں خاتون صحافی نے بتایا کہ اس مہم کے ابتدائی دن ان کے لیے ذہنی طور پر پریشان کن تھے، تاہم انہوں نے نہ اپنی پوسٹس حذف کیں اور نہ ہی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس محدود کیے، وہ بتاتی ہیں کہ اس مشکل وقت میں ان کے خاندان، شوہر، ساتھی صحافیوں اور صحافتی تنظیموں نے ان کا ساتھ دیا۔

فہیمیدہ یوسفی نے اس معاملے پر ایف آئی اے میں شکایت بھی درج کرائی تھی، تاہم بعد میں صلح اور مفاہمت کے بعد درخواست واپس لے لی کیوں کہ یہ معاملہ اُس وقت کی حکومت کے اعلیٰ حکام تک پہنچ گیا تھا جس کے بعد پریس کلب اور سینئر صحافیوں کے مشورے پر میں بھی اس وقت پیچھے ہٹ گئی جب اس سیاسی جماعت کے اہم رہنماؤں کی جانب سے باضابطہ معافی مانگی گئی۔

’’مرد کو بارہ گھنٹے مل سکتے ہیں، خاتون اتنا وقت نہیں دے سکتی‘‘

خواتین صحافیوں کو درپیش مسائل صرف آن لائن ہراسانی تک محدود نہیں بلکہ صحافتی اداروں اور تنظیموں میں ان کی نمائندگی بھی ایک اہم سوال ہے۔ کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی کی رکن اور خاتون صحافی شیما صدیقی کے مطابق، خواتین کو اکثر ان کی پیشہ ورانہ قابلیت، تعلیم اور تجربے کے بجائے جنس کی بنیاد پر جانچا جاتا ہے۔

انہوں نے اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک سینئر نے ان سے کہا تھا کہ انہیں ٹیم میں اس لیے رکھا گیا کیونکہ ادارے کو ایک خاتون کی ضرورت تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہی رویہ سوشل میڈیا پر بھی دکھائی دیتا ہے، جہاں خواتین صحافیوں کے کام کے بجائے ان کی تصاویر اور ذاتی زندگی پر تبصرے کیے جاتے ہیں۔

شیما صدیقی کے مطابق کراچی پریس کلب میں 183 خواتین رجسٹرڈ ممبرز ہیں، جبکہ صحافتی یونینز میں خواتین کی تعداد بھی نسبتاً کم ہے، تاہم، شیما صدیقی خواتین کی کم شرکت کی ایک وجہ تنظیمی سرگرمیوں کے لیے درکار وقت اور معاشرتی ذمہ داریوں کو بھی قرار دیتی ہیں۔ ان کے مطابق، پریس کلب یا یونین میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے مسلسل وقت دینا پڑتا ہے، جبکہ خواتین کو ملازمت کے ساتھ گھر، بچوں اور خاندان کی ذمہ داریاں بھی نبھانا ہوتی ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کے مسائل کو سمجھنے اور ان کی مؤثر نمائندگی کے لیے فیصلہ سازی کے فورمز پر ان کی موجودگی ضروری ہے۔
وہ خواتین صحافیوں کے لیے ڈیجیٹل سیفٹی کی تربیت کو بھی ضروری سمجھتی ہیں۔ ان کے مطابق، خواتین کو معلوم ہونا چاہیے کہ آن لائن ہراسانی کی صورت میں کس ادارے سے رابطہ کرنا ہے، شکایت کہاں درج کرانی ہے اور شواہد کس طرح محفوظ کرنے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ صحافیوں کو فیک نیوز اور گمراہ کن معلومات سے بھی محتاط رہنا چاہیے اور سوشل میڈیا پر ذمہ دارانہ رویہ اپنانا چاہیے۔

’’سوشل میڈیا سے پہلے بھی ہراسانی تھی، اب رسائی اور رفتار بڑھ گئی ہے‘‘

وومن میڈیا سینٹر کے کانٹینٹ ہیڈ اور سینئر صحافی ریاض بھٹی کے مطابق خواتین صحافیوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ سوشل میڈیا سے پہلے بھی موجود تھا، لیکن ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے اس کی رفتار اور دائرہ کار بڑھا دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ماضی میں کسی خبر پر ردعمل آنے میں وقت لگتا تھا اور خواتین صحافیوں کو لینڈ لائن فون یا خطوط کے ذریعے دھمکایا جاتا تھا۔ اس وقت میڈیا میں خواتین کی تعداد آج کے مقابلے میں کم تھی، لیکن انہیں ہراسانی کا سامنا پھر بھی کرنا پڑتا تھا جب کہ سوشل میڈیا نے اب کسی صحافی تک براہِ راست رسائی آسان بنا دی ہے، جس کے باعث تنقید اور ٹرولنگ فوری طور پر شروع ہوجاتی ہے۔

ریاض بھٹی کے نزدیک، جب صحافی ایک کمیونٹی کی حیثیت سے ہراسانی کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں تو ان کا مؤقف زیادہ مؤثر انداز میں متعلقہ اداروں تک پہنچتا ہے اور کارروائی کے لیے دباؤ پیدا ہوتا ہے۔

مرد صحافیوں کو سیاسی وابستگی کے طعنے یا ’لفافہ‘ کہا جاتا ہے

تحقیقاتی رپورٹنگ سے وابستہ صحافی فیصل رحمان کے مطابق مرد صحافیوں کو بھی سوشل میڈیا پر گالیوں، الزامات اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم خواتین صحافیوں کے خلاف حملوں کی نوعیت مختلف ہوتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مرد صحافیوں کو عموماً کسی سیاسی جماعت سے وابستگی یا پیسے لینے کے الزامات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ خواتین صحافیوں کی ذاتی زندگی اور کردار کو زیادہ نشانہ بنایا جاتا ہے اور ان کے خلاف نازیبا ٹرینڈز بھی چلائے جاتے ہیں۔

فیصل رحمان نے اپنی ایک تحقیقاتی اسٹوری کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اسے سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے بعد انہیں گالیاں دی گئیں، ایک مخصوص سیاسی جماعت سے وابستگی اور اس سے پیسے لینے کے الزامات لگائے گئے، جبکہ دھمکی آمیز پیغامات بھی موصول ہوئے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اگر صحافی ہر تنقید یا ٹرولنگ کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردیں تو ان کی زندگی اسی عمل میں گزر سکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بعض اوقات خاموشی اختیار کرنا یا اپنے کام کے ذریعے جواب دینا بہتر ہوتا ہے۔ تاہم ان کا تجربہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ آن لائن حملے مرد صحافیوں کو بھی متاثر کرتے ہیں، اگرچہ خواتین کے خلاف ان حملوں میں صنفی اور ذاتی نوعیت کے پہلو زیادہ نمایاں ہوسکتے ہیں۔

خواتین کی شکایات کیلیے الگ ڈیسک اور خواتین افسران تعینات

خواتین صحافیوں کی شکایات پر کارروائی کے طریقۂ کار اور ادارے کی استعداد جاننے کے لیے این سی سی آئی اے کراچی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شہزاد اکبر سے بھی مؤقف لیا گیا۔

ان کے مطابق ادارے میں موصول ہونے والی ہر شکایت کو ڈائری نمبر دیا جاتا ہے اور شکایت کنندہ کو رسید فراہم کی جاتی ہے۔ اس کے بعد شکایت متعلقہ تفتیشی افسر کو بھیج دی جاتی ہے، جو انکوائری کرتا ہے، اگر انکوائری میں کسی قابلِ سزا جرم کے شواہد سامنے آئیں تو ایف آئی آر درج کرنے کی کارروائی شروع کی جاتی ہے۔

خواتین کی آن لائن ہراسانی سے متعلق شکایات کے لیے خصوصی ڈیسک کی موجودگی کے سوال پر ایڈیشنل ڈائریکٹر نے بتایا کہ ادارے میں ایسا ڈیسک موجود ہے، خواتین سے متعلق ہراسانی کی ایسی شکایات جو آگے چل کر ایف آئی آر میں تبدیل ہوسکتی ہیں، ان سے نمٹنے کے لیے خاتون تفتیشی افسران بھی تعینات ہیں، جن میں سب انسپکٹرز شامل ہیں۔

ڈیپ فیک ویڈیوز اور تصاویر سے متعلق شکایات پر ان کا کہنا تھا کہ ادارے کو ایسے متعدد معاملات موصول ہوئے ہیں اور ایسے کیسز میں ابتدائی طور پر مواد کو فرانزک تجزیے کے لیے بھیجا جاتا ہے تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ ویڈیو یا تصویر اصلی ہے یا اس میں ردوبدل کیا گیا ہے، کیوں کہ فرانزک رپورٹ کے ذریعے مواد کی حقیقت جانچنا ضروری ہوتا ہے۔

غریدہ فاروقی کی جانب سے اپنی متعدد شکایات پر سست کارروائی کے الزام کے بارے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر نے کہا کہ مخصوص شکایات کا ریکارڈ سامنے ہونے پر ہی ان کے بارے میں بات کی جاسکتی ہے اور ادارے کی پالیسی کے تحت کسی دوسرے شخص کو شکایت کنندہ یا ملزم سے متعلق معلومات فراہم نہیں کی جاسکتیں اور غریدہ فاروقی خود ادارے سے رابطہ کریں تو ان کی شکایات پر بات ہوسکتی ہے۔

اس تحقیق کا ایک اہم پہلو این سی سی آئی اے سے حقِ معلومات کے قانون کے تحت حاصل کیا گیا جواب ہے۔ آر ٹی آئی کے تحت موصولہ جواب میں ایڈیشنل ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے بتایا کہ ادارے کو کسی خاتون صحافی کی جانب سے الگ سے ایسی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی جس میں اس نے اپنی شناخت بطور صحافی ظاہر کی ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی خاتون نے شکایت درج بھی کرائی ہو لیکن درخواست میں خود کو صحافی ظاہر نہ کیا ہو تو اسے صحافیوں سے متعلق الگ ڈیٹا میں شمار نہیں کیا جاسکتا، اسی وجہ سے ادارے کے پاس خواتین صحافیوں کی شکایات کا علیحدہ ریکارڈ موجود نہیں ہے۔

دوسری جانب، سندھ پولیس کی لکھی گئی آر ٹی آئی کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا، تاہم ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات میں اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ سندھ پولیس میں بھی خواتین صحافیوں کی شکایات کا کوئی الگ ڈیٹا موجود نہیں ہے۔

اعدادوشمار کیا بتاتے ہیں؟

پاکستان میں خواتین صحافیوں کو درپیش ڈیجیٹل خطرات کے حوالے سے مختلف برسوں میں ہونے والی تحقیقات اس مسئلے کی نوعیت واضح کرتی ہیں۔ ڈیجیٹل رائٹس فاؤنڈیشن کی 2018 کی رپورٹ ’’ڈیجیٹل اِن سکیورٹی آف جرنلسٹس اِن پاکستان‘‘ کے مطابق، سروے میں شامل 72 فیصد خواتین صحافیوں نے ڈیجیٹل عدم تحفظ کا تجربہ کیا، جبکہ مرد صحافیوں میں یہ شرح 61 فیصد تھی۔ اسی تحقیق میں 71 فیصد خواتین صحافیوں نے کہا کہ خواتین کو ان کی ظاہری شکل و صورت کی بنیاد پر زیادہ نشانہ بنایا جاتا ہے، جبکہ 68 فیصد کے مطابق خواتین صحافیوں کی ذاتی زندگی کو مردوں کے مقابلے میں زیادہ نشانہ بنایا جاتا ہے۔

2019 میں میڈیا میٹرز فار ڈیموکریسی کی تحقیق ’’ہاسٹائل بائٹس: اے اسٹڈی آف آن لائن وائلنس اگینسٹ وومن جرنلسٹس‘‘ میں ملک بھر سے 110 خواتین صحافیوں نے حصہ لیا، جبکہ 9 صحافیوں کے تفصیلی انٹرویوز بھی کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق 95 فیصد خواتین صحافیوں نے کہا کہ آن لائن تشدد ان کے پیشہ ورانہ کام پر اثر انداز ہوتا ہے، جب کہ 77 فیصد نے آن لائن حملوں سے بچنے کے لیے خود پر پابندیاں عائد کرنے یا اپنی رائے کے اظہار میں احتیاط برتنے کا اعتراف کیا۔ رپورٹ میں یہ بھی سامنے آیا کہ 105 میں سے 110 خواتین صحافیوں نے آن لائن تشدد کے ذہنی صحت پر اثرات کی نشاندہی کی۔

ڈیجیٹل رائٹس فاؤنڈیشن کے 2022 کے اعدادوشمار بھی صحافیوں کو درپیش خطرات کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ادارے کی سائبر ہراسمنٹ ہیلپ لائن کو اس سال صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی جانب سے مجموعی طور پر 75 شکایات موصول ہوئیں، جن میں 34 خواتین، 40 مرد اور ایک ٹرانس جینڈر فرد شامل تھا۔ ان شکایات میں آن لائن ہراسانی، دھمکیوں اور اکاؤنٹس ہیک کرنے کی کوششوں جیسے معاملات شامل تھے۔ یہ اعدادوشمار صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی مجموعی شکایات سے متعلق ہیں، صرف خواتین صحافیوں کی شکایات نہیں۔

یہ تحقیقات ظاہر کرتی ہیں کہ آن لائن ہراسانی کے اثرات محض سوشل میڈیا پر ہونے والے تبصروں تک محدود نہیں رہتے، جب کسی خاتون صحافی کو مسلسل ذاتی حملوں یا دھمکیوں کا سامنا ہو تو وہ اپنے کام، اظہارِ رائے اور آن لائن موجودگی کے بارے میں محتاط ہونے پر مجبور ہوسکتی ہے۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

تحریر کردہ
کامران سرور
مصنف کی آراء اور قارئین کے تبصرے ضروری نہیں کہ ایکسپریس ٹریبیون کے خیالات اور پالیسیوں کی نمائندگی کریں۔