ترکیہ اور قطر نے دو طرفہ دفاعی معاہدہ کرلیا اور معاہدے پر ترک صدر رجب طیب اردوان اور امیر قطر تمیم بن حمد الثانی نے دستخط کرلیا۔
ترک خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ اور قطر نے استنبول میں دونوں ممالک کی ہائی اسٹریٹجک کمیٹی کے 12 ویں اجلاس کے دوران دفاع سمیت تجارت، تعلیم، امن کے لیے تعاون، ثالثی اور تنازعات کے حل کے لیے باہمی معاہدوں پر دستخط ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان اور قطری امیر تمیم بن حمد الثانی کی موجودگی میں معاہدوں پر دستخط کی تقریب صدارتی دفتر میں منعقد ہوئی جو دونون ممالک کے درمیان دو طرفہ اور وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد ہوئی ہے۔
ترک صدر اور قطری امیر نے باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے، جس کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے تجارت نے کنزیومر پروٹیکشن، مارکیٹ سرویلنس اور انسپکشن کی باہمی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے، اسی طرح تعلیم کے باہمی تعاون کے معاہدے پر ترک وزیر تعلیم یوسف تیکن اور قطر کے وزیر محمد بن عبدالعزیز الخولیفی نے دستخط کیے۔
مزید بتایا گیا کہ ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان اور قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے امن میں تعاون، ثالثی اور تنازعات کے حل کے لیے مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کیے اور دونوں وزرائے خارجہ نے کمیٹی کے 12 ویں اجلاس کے اعلامیے پر بھی دستخط کیے۔
اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ ترکیہ اور قطر خلیج میں جنگ کے ابھرنے کو روکنے، مذاکرات کی راہ ہموار کرنے اور امن کے قیام کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے، انہوں نے فریقین کو اپنے مسائل سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے پر آمادہ کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ترک صدر اور قطری امیر نے اجلاس میں دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
طیب اردوان نے کہا کہ ترکیہ اور قطر کے درمیان طے پانے والے دفاعی معاہدے سے دو طرفہ تعلقات کے نئے پہلو سامنے آئیں گے، تجارت اور اقتصادی شراکت داری معاہدہ دونوں ممالک کو تجارتی ہدف حاصل کرنے کے قریب لے آیا ہے جس پر گزشتہ برس دستخط ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور قطر توانائی کے شعبے میں شراکت داری کو فروغ دینے اور اس میں تنوع لانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور دفاعی صنعت میں دونوں ممالک کا تعاون بھی مزید وسعت اختیار کرتا رہے گا۔