امریکا میں فضائی آپریشن آج بھی تعطل کا شکار، 6 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ

فضائی کمپنیوں میں جیٹ بلیو سب سے زیادہ متاثر ہوئی جس کی تقریباً 45 فیصد پروازیں منسوخ ہوئیں


ویب ڈیسک November 15, 2026

امریکا میں فضائی سفر کا بحران شدت اختیار کرگیا فضائی حدود کھلنے کے باوجود ایئرلائنز معمول کے مطابق آج بھی پروازیں بحال کرنے میں ناکام ہیں جس کے باعث ہزاروں مسافر مختلف ہوائی اڈوں پر پھنسے ہوئے ہیں۔

فلائٹ اویئر کے اعداد و شمار کے مطابق ہفتے کے روز امریکا آنے اور یہاں سے روانہ ہونے والی 6 ہزار 228 پروازیں منسوخ جبکہ 7 ہزار 542 تاخیر کا شکار ہوئیں۔

یہ تعداد امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پہلے لگائے گئے اندازوں سے بھی زیادہ ہے۔ دنیا بھر میں مجموعی طور پر 6 ہزار 843 پروازیں منسوخ اور تقریباً 20 ہزار پروازوں میں تاخیر ریکارڈ کی گئی۔

ڈیلاس، ہیوسٹن، شکاگو، اٹلانٹا اور نیویارک کے بڑے ہوائی اڈوں پر صورت حال زیادہ خراب رہی۔ شکاگو کے اوہیئر ایئرپورٹ پر 559 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ اٹلانٹا کے ہارٹس فیلڈ جیکسن ایئرپورٹ پر 479 پروازیں منسوخ کی گئیں۔

ڈیلاس فورٹ ورتھ ایئرپورٹ پر بھی سیکڑوں پروازیں متاثر ہوئیں اور متعدد مسافروں کو رات ایئرپورٹ پر گزارنا پڑی۔

فضائی کمپنیوں میں جیٹ بلیو سب سے زیادہ متاثر ہوئی، جس کی تقریباً 45 فیصد پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ امریکن ایئرلائنز، یونائیٹڈ اور ڈیلٹا نے اپنے شیڈول کی تقریباً ایک چوتھائی پروازیں منسوخ کردیں۔ متاثرہ مسافروں کو اضافی فیس کے بغیر سفر کی نئی تاریخیں دینے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق فضائی حدود کھلی ہیں اور پروازوں کی روانگی محفوظ طریقے سے جاری ہے، تاہم طیاروں اور عملے کی دوبارہ تعیناتی اور مسافروں کی بکنگ کے مسائل کے باعث آپریشن معمول پر آنے میں وقت لگ رہا ہے۔

 

حکام کو توقع ہے کہ اتوار کی رات تک فضائی کمپنیوں کا مکمل شیڈول بحال ہوسکے گا، تاہم مسافروں کو مزید پروازیں منسوخ ہونے اور تاخیر کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔