کراچی میں تخریب کاری کی کوشش ناکام، سندھو دیش لبریشن آرمی کے 2 دہشت گرد گرفتار

گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے تیار آئی ای ڈی اوردستی بم برآمد


اسٹاف رپورٹر November 15, 2026

کراچی:

سی ٹی ڈی کراچی نے وفاقی حساس ادارے کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سندھو دیش لبریشن آرمی کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا۔

 تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی کراچی  نے وفاقی حساس ادارے کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سندھو دیش لبریشن آرمی کے 2 اہم کارندوں مدد علی عرف علی ولد علی اکبراورجنید علی عباسی ولد امان اللہ عباسی کوگرفتار کرکے ان کے قبضے سے تیار آئی ای ڈی اوردستی بم برآمد کرلیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشتگرد کالعدم تنظیم سندھو دیش لبریشن آرمی کے کمانڈر دریا خان سے مسلسل رابطے میں تھے اور سندھ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں واہلکاروں کونشانہ بنانے کی منصوبہ بندی میں مصروف عمل تھے۔

گرفتاردہشت گردوں نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ انہیں کالعدم تنظیم ایس ایل اے نے عسکری تربیت دی اور مذکورہ آئی ای ڈی اور ہینڈ گرنیڈ بھی فراہم کیا۔

دہشت گرد اپنے کمانڈردریا خان کی ہدایت پر کراچی میں آئے اور یہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں، رینجرز، پولیس کی اہم عمارات، دفاترپر ریکی  مکمل کر رکھی تھی، اب حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے خلاف سی ٹی ڈی میں 2 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، دہشت گردوں کے انکشافات پر انکے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔