صدر مملکت کی وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارکباد

یہ اعزاز دونوں رہنماؤں کی قیادت اور قومی خدمات کا اعتراف ہے اور پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ ہے، صدر مملکت آصف زرداری


عامر الیاس رانا November 14, 2026
فوٹو: فائل

صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دنیا کے 500 بااثر ترین مسلمانوں کی فہرست میں شامل ہونے پر مبارک دے دی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو اردن کے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کی جانب سے جاری دنیا کے 500 بااثر مسلمانوں کی فہرست میں شامل کرنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہر پاکستانی کے لیے فخر اور انتہائی مسرت کا موقع ہے اور یہ اعزاز دونوں رہنماؤں کی قیادت اور قومی خدمات کا اعتراف ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان استحکام، مضبوطی اور عالمی سطح پر بلند تر مقام کی جانب گامزن ہے اور عالم اسلام میں پاکستان کی آواز پہلے سے زیادہ مضبوطی سے گونج رہی ہے۔

واضح رہے کہ اُردن کے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر (RISSC) کے 18 ویں سالانہ ایڈیشن برائے 2027 کے لیے دنیا کے 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں شامل کرلیا اور مشترکہ طور پر دونوں کو پہلی پوزیشن پر رکھا ہے۔

مذکورہ فہرست میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی حیثیت سے مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے، اسی طرح سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو بھی مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن پر جگہ دی گئی ہے۔