موٹر وے پر شدید دھند کا راج، مختلف سیکشنز ٹریفک کے لیے بند

دھند کے موسم میں صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر زیادہ محفوظ رہتا ہے، ترجمان موٹر وے


ویب ڈیسک November 16, 2026

لاہور:

پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 3 اور ایم 4 کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔

موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم 3 رجانہ سے درخانہ تک جبکہ ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور عبدالحکیم سے شورکوٹ تک بند ہے۔ قومی شاہراہ پر خانیوال کے قریب بھی دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہوئی ہے۔

ترجمان کے مطابق موٹرویز کی بندش مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کی گئی ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور دھند کے دوران صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر کو ترجیح دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

موٹروے پولیس نے ڈرائیورز کو رفتار کم رکھنے، گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رکھنے، فوگ لائٹس استعمال کرنے اور غیر ضروری اوورٹیکنگ سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔