درمیانے و چھوٹے کاروبار کے فروغ کیلیے چار شہروں میں سہولت سینٹر قائم کرنے کی منظوری

ان سہولت سینٹرز کی کامیابی کے بعد انہیں بتدریج تمام اضلاع میں قائم کیا جائے گا، وزیراعظم، تاجروں سے ملاقات


اسٹاف رپورٹر November 16, 2026
وزیراعظم، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے (فوٹو : وزیراعظم آفس ایکس اکاؤنٹ)

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار سے وابستہ برآمد کنندگان کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایسے کاروبار کے فروغ کے لیے حکومت کی جانب سے اقدامات کی پیش رفت اور ان کے مسائل پر گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کسی بھی ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، برآمدات میں اضافے کے لیے ایسے کاروبار کو سہولیات مہیا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، آج کی ملاقات کا سب سے اہم مقصد پاکستانی چھوٹے اور درمیانے کاروبار کرنے والوں کے لیے، ایکسپورٹ میں آسانی پیدا کرنا ہے۔ اس ضمن میں عوام میں کاروبار قائم کرنے کے حوالے سے آگاہی بڑھانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم نے ڈسٹرکٹ کی سطح پر ایس ایم ای سہولت سینٹر کی منظوری دی۔ ایس ایم ای سہولت سینٹرز کے پائلٹ پراجیکٹ لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں قائم کرنے کی ہدایت  ان سہولت سینٹرز کی کامیابی کے بعد انہیں بتدریج تمام اضلاع میں قائم کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو کاروبار قائم کرنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا سکے۔

وزیراعظم نے جلد خراب ہونے والی اشیاء (Perishable Goods) کو برآمد کرنے کے لیے کولڈ اسٹوریج کا پائیدار نظام قائم کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایکسپورٹ فائنانس اسکیم میں ایس ایم ای سیکٹر اور نئے ایکسپورٹرز کے لیے 300 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، مختص کردہ رقم صرف چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (SMEs) کے لیے مخصوص ہوگی، اس ضمن  میں ایگزم بنک نے سرکلر جاری کردیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی برآمدات کے فروغ اور مقامی صنعتوں کو برآمدتی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور اسمیڈا کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

وفد کے شرکاء نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور ایسے کاروبار کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔

وزیر اعظم نے وفد کی جانب سے دی گئی قابل عمل  تجاویز پر غور کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی جو ان پر عمل درآمد کے حوالے سے وزیر اعظم کو رپورٹ پیش کرے گی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، جام کمال خان، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین ایس ای سی پی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

وزیر خزانہ کی زیر صدارت اجلاس، چھوٹے اور درمیانے کاروباروں تک قرضوں کی رسائی بڑھانے پر زور

وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ چھوٹے کاروباروں تک مالی وسائل کی رسائی یقینی بنانا ضروری ہے کیونکہ یہ شعبہ معاشی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، وزیراعظم کے وژن کے مطابق ایس ایم ای شعبے کو مضبوط بنانے اور برآمدات پر مبنی ترقی کے لیے چھوٹے اور برآمدی شعبے سے وابستہ کاروباروں کو ترجیحی بنیادوں پر مالی سہولیات فراہم کی جائیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق پیر کو وزیر خزانہ کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کو مالی معاونت کی فراہمی کے مواقع بڑھانے، ایس ایم ای کنیکٹ پورٹل کی پیش رفت اور ایس ایم ای برآمدکنندگان کو قرضوں کی سہولت بہتر بنانے کے حوالے سے اجلاس ہوا۔

اجلاس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے یکم نومبر 2026 کو شروع کیے گئے ایس ایم ای کنیکٹ پورٹل پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ یہ پورٹل چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو اپنی کاروباری تفصیلات رجسٹر کرانے، مالی ضروریات سے متعلق درخواستیں جمع کرانے اور ان کی پیش رفت معلوم کرنے کے لیے ایک مرکزی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جبکہ اس کے ذریعے بینکوں کے جوابات اور درخواستوں پر کارروائی کے دورانیے کی نگرانی بھی ممکن ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ اس پورٹل سے قرضوں کی فراہمی کے عمل میں شفافیت بڑھے گی اور مقررہ مدت کے اندر درخواستوں پر بینکوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ڈیجیٹل اور مالیاتی معلومات تک محدود رسائی رکھنے والے چھوٹے کاروباری افراد کو بینک برانچوں کے ذریعے بھی سہولت فراہم کی جائے اور مالی معاونت کے پورے عمل کو مزید مربوط اور مکمل ڈیجیٹل نظام میں تبدیل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان (ایگزم بینک) نے بھی برآمدی شعبے کے لیے مالی معاونت کے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مختصر مدتی ایکسپورٹ فنانس اسکیم کے تحت 300 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جو خصوصی طور پر ایس ایم ایز کے لیے مختص ہیں تاکہ انہیں کاروباری ضروریات اور برآمدی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ورکنگ کیپیٹل فراہم کیا جاسکے۔

اجلاس میں طویل مدتی مالی معاونت تک ایس ایم ایز کی رسائی بہتر بنانے اور برآمدات سے وابستہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ کاری، قرضوں کی درخواستوں پر بروقت فیصلوں اور چھوٹے کاروباروں کو درپیش عملی مشکلات دور کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کے نتیجے میں مالی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے، برآمدات میں ایس ایم ایز کی شمولیت بڑھانے، نجی شعبے کی سرگرمیوں میں اضافے اور برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کو فروغ دینے میں مدد ملنی چاہیے۔