راولپنڈی:
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے حکومت میں شامل تمام جماعتوں سے استعفوں اور فوری قومی حکومت کے قیام کا مطالبہ کردیا، کہتے ہیں آزاد عدلیہ اور الیکشن کمیشن کے تحت انتخابات کرائے جائیں، قومی حکومت سے متعلق کوئی بھی فیصلہ بانی پی ٹی آئی کی مشاورت سے ہوگا۔
راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے قریب داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ موجودہ حکومت کا مینڈیٹ درست نہیں، حکومت میں شامل تمام جماعتیں اس نظام سے فائدہ اٹھا رہی ہیں، سب استعفے دیں اور فوری قومی حکومت قائم کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ نظام کی تبدیلی عوامی فلاح اور جمہوریت کے لیے ہونی چاہیے، اعتماد اسی وقت بحال ہوگا جب لوگوں کو انصاف ملے، انتخابات شفاف ہوں اور عدلیہ آزاد ہو۔
بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ قومی حکومت کے معاملے میں پارٹی فی الحال حصہ دار نہیں، جو بھی فیصلہ ہوگا بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بعد ہوگا۔
بلاول بھٹو کے نظام کے مفلوج ہونے سے متعلق بیان کو تاخیر سے آنے والا بیان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ نظام کی اصلاح کا طریقہ بھی بتائیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ملک کی 3 بڑی عدالتوں کے چیف جسٹس صاحبان کو خط لکھ کر انصاف مانگا ہے متعلقہ چیف جسٹس خط کو درخواست تصور کرکے کارروائی کریں اور عدالتی نمائندہ دوبارہ جیل بھیج کر سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
ان کے بقول بانی پی ٹی آئی این آر او یا خصوصی رعایت نہیں، اپنے حقوق کی بحالی چاہتے ہیں۔ بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے علاج سے متعلق شکایات دور کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کو اس وقت تک اسپتال میں رکھا جائے جب تک ڈاکٹر انہیں مکمل صحت یاب قرار نہ دیں۔
پارٹی میں گروپ بندی کی تردید کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اختلاف رائے ہوسکتا ہے تاہم رہنما اندرونی اختلافات کے بجائے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی صحت پر توجہ دیں۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں میں پسند ناپسند کی پالیسی نہیں ہونی چاہیے اور ملاقات کرکے آنے والے رہنماؤں کو متنازع نہ بنایا جائے۔