امریکا جانے والی پرواز خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی؛ 5 افراد زخمی

جیٹ بلیو کی پورٹو ریکو سے فلوریڈا جانے والی پرواز شدید فضائی جھٹکوں کا شکار ہوگئی۔


ویب ڈیسک November 17, 2026
رٹو ریکو سے فلوریڈا جانے والی پرواز شدید فضائی جھٹکوں کا شکار ہوگئی۔

امریکی فضائی کمپنی جیٹ بلیو کی پورٹو ریکو سے فلوریڈا جانے والی پرواز دوران سفر شدید فضائی جھٹکوں کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں مسافروں اور عملے کے ارکان سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے یا انہیں طبی معائنے کی ضرورت پیش آئی۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق واقعہ منگل کی صبح پیش آیا جب پرواز نمبر 1717 پورٹو ریکو کے شہر پونسے سے فلوریڈا کے فورٹ لاڈرڈیل ہوائی اڈے کی جانب رواں دواں تھی۔

براؤورڈ کاؤنٹی کے شیرف آفس کے محکمہ فائر اینڈ ریسکیو کے مطابق صبح 6 بج کر 25 منٹ پر طیارے میں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر امدادی ٹیمیں ہوائی اڈے پہنچ گئیں۔

حکام کے مطابق طیارے نے صبح تقریباً 6 بج کر 58 منٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی اور اسے ہوائی اڈے کے تیسرے ٹرمینل پر منتقل کردیا گیا جہاں امدادی اہلکار زخمیوں کی مدد کے لیے پہلے سے موجود تھے۔

امدادی عملے نے پانچ ایسے افراد کی نشاندہی کی جنہوں نے زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی یا جنہیں طبی معائنے کی ضرورت تھی۔ تاہم تمام متاثرہ مسافروں اور عملے کے ارکان نے قریبی اسپتالوں میں منتقل ہونے سے انکار کردیا۔

حکام نے مزید بتایا کہ فضائی جھٹکوں کے باوجود طیارے کے ڈھانچے کو کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔