امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے فضائی ٹریفک کنٹرول سسٹم اور ہوائی اڈوں کی بہتری کے لیے 50 ارب ڈالر کے اضافی فنڈز مانگنے پر ریپبلکن سینیٹرز نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مخالفت کردی۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شین ڈفی نے ابتدائی طور پر 30 ارب ڈالر کے فنڈز طلب کیے تھے، تاہم حالیہ تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر میں پروازیں روکنے اور 18 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہونے کے بعد یہ مطالبہ بڑھا کر 50 ارب ڈالر کردیا گیا۔
ریپبلکن سینیٹرز کا کہنا ہے کہ وہ فضائی تحفظ اور ایئر ٹریفک کنٹرول نظام کی بہتری کے لیے محدود فنڈز کی حمایت کرسکتے ہیں، تاہم 50 ارب ڈالر کے مطالبے کی وجوہات واضح نہیں۔
بعض سینیٹرز نے تجویز دی کہ نظام کی اپ گریڈیشن کے اخراجات میں ایئرلائنز اور فضائی سہولیات استعمال کرنے والوں کو بھی حصہ ڈالنا چاہیے تاکہ تمام بوجھ ٹیکس دہندگان پر نہ پڑے۔
سینیٹ میں اکثریتی رہنما جان تھون کے مطابق سینیٹرز نے فنڈز کے حجم پر سوالات اٹھائے ہیں، جبکہ کانگریس پہلے ہی گزشتہ سال 12.5 ارب ڈالر منظور کرچکی ہے جس میں سے اب تک صرف 30 فیصد خرچ ہوا ہے۔ دوسری جانب ڈیموکریٹس نے مزید فنڈز کی منظوری سے قبل حالیہ فضائی تعطل کی وجوہات سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔