30 سے زائد افغان طلبا کی ڈاو یونیورسٹی کے نوٹس کیخلاف درخواست پر حکم امتناع میں توسیع

افغان طلبا نے جبران ناصر ایڈووکیٹ اور افتخار  شاہ ایڈووکیٹ کے توسط سے درخواست دائر کی تھی


ناصر بٹ November 19, 2026

سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے پی ایم ڈی سی کا میڈیکل کالجز میں زیر تعلیم افغان طلبا کو واپس بھیجنے کے احکامات سے متعلق 30 سے زائد افغان طلبا  کی ڈاو یونیورسٹی کے نوٹس کیخلاف درخواست پر حکم امتناع میں مئی 2027 تک توسیع کردی۔

ہائیکورٹ میں آئینی بینچ نے پی ایم ڈی سی کا میڈیکل کالجز میں زیر تعلیم افغان طلبا کو واپس بھیجنے کے احکامات سے متعلق 30 سے زائد افغان طلبا  کی ڈاو یونیورسٹی کے نوٹس کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست وکیل جبران ناصر ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ  درخواستگزار طلبا نے علامہ اقبال اسکالرشپ برائے افغان شہری کے تحت ایم بی بی ایس میں داخلہ لیا تھا۔ درخواستگزار ایم بی بی ایس کے فائنل ایئر کے طلبا ہیں۔ طلبا کے پاس پاکستانی اسٹڈی ویزا موجود ہے۔

پی ایم ڈی سی نے افغان طلبا سے متعلق ہدایات جاری کی ہیں۔ پی ایم ڈی سی نے افغان طلبا کی روانگی کے اقدامات اور این او سی جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پی ایم ڈی سی کی ہدایت پر ڈاو یونیورسٹی نے ضروری کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نوٹس میں 14 ستمبر تک این او سی حاصل کرنے اور ہاسٹل خالی کرنے سے متعلق ہدایت پر عمل کرنے کا کہا گیا ہے۔

ڈاو یونیورسٹی نے متعلقہ پولیس کو افغان طلبا کی فہرست فراہم کی ہے۔ درخواستگزار طلبا کو پولیس کی جانب سے ہراسانی کا خدشہ موجود ہے۔ پی ایم ڈی سی نے طلبہ کو کوئی شوکاز نوٹس جاری نہیں کیا ہے۔ پی ایم ڈی سی کو زیر تعلیم غیر ملکی طلبا کو محض قومیت کی بنیاد پر تعلیم سے محروم کرنے کا اختیار نہیں۔ پی ایم ڈی سی، ایچ ای سی اور ڈاو یونیورسٹی تعلیمی انتظامی ادارے ہیں، اداروں کو غیر ملکی شہریوں کے ویزا ختم کرنے کا اختیار نہیں۔

طلبا کو افغانستان واپس بھیجنے سے ان کی میڈیکل تعلیم مکمل کرنے کا موقع ختم ہوجائے گا۔ عدالت نے درخواستوں پر حکم امتناع میں مئی 2027 تک توسیع کردی۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بچوں کو پڑھنے دیں۔ عدالت نے افغان طلبا کو تعلیم جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے افغان طلبا سے لاہور ہائیکورٹ اور دیگر عدالتوں کے احکامات درخواست کے ساتھ منسلک کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ افغان طلبا نے جبران ناصر ایڈووکیٹ اور افتخار  شاہ ایڈووکیٹ کے توسط سے درخواست دائر کی تھی۔