اسلام آباد:
وفاقی آئینی عدالت نے سندھ اور خیبر پختونخوا میں عائد انفرااسٹرکچر سیس سے متعلق سندھ ہائی کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے متعلقہ صوبائی قانون سازی کو آئینی دائرہ اختیار سے تجاوز اور غیر آئینی قرار دے دیا۔
چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عامر فاروق شامل پر مشتمل دو رکنی بنچ کا فیصلہ جاری کردیا گیا۔ ٹیکس دہندگان نے دونوں صوبائی حکومتوں کی جانب سے عائد انفراسٹرکچر سیس کو چیلنج کیا تھا۔
سندھ ہائی کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ نے صوبائی قوانین کو برقرار رکھا تھا، جن کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کی گئیں اور بعد ازاں یہ مقدمات وفاقی آئینی عدالت کو منتقل ہوئے۔
سندھ میں سندھ ڈویپلمٹ اینڈ مینٹیننس انفراسٹرکچر سیس ایکٹ 2017 اور خیبرپختونخوا میں کے پی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس 2022 ایکٹ کے تحت سیس عائد کیا گیا تھا۔ خیبر پختونخوا کے قانون میں فنانس ایکٹ 2024 کے ذریعے بھی اہم ترامیم کی گئی تھیں۔
سیکریٹری ریونیو ڈویژن اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے حافظ احسان احمد کھوکھر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے پیش ہو کر تفصیلی آئینی دلائل دیے۔ حافظ احسان احمد کھوکھر نے دلائل میں کہا کہ آئین کے آرٹیکلز 141 اور 142(a) کے تحت وفاقی قانون سازی کی فہرست میں شامل معاملات پر قانون سازی کا خصوصی اختیار پارلیمنٹ کو حاصل ہے، چوتھے شیڈول کی وفاقی قانون سازی کی فہرست کی انٹریز 27 اور 43 کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے قرار دیا کہ درآمدات، برآمدات، بین الاقوامی تجارت اور کسٹمز ڈیوٹیز سے متعلق معاملات وفاق کے مخصوص قانون سازی کے دائرے میں آتے ہیں، لہٰذا صوبائی اسمبلیاں ان معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتیں۔
وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بھی صوبائی قانون سازی کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں کو متعلقہ معاملات پر قانون سازی کا آئینی اختیار حاصل نہیں تھا، لہٰذا ان کے قوانین اور ترامیم غیر قانونی، غیر آئینی قرار دیا جائے۔
دوسری جانب سندھ اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں نے اپنے قوانین اور ہائی کورٹس کے فیصلوں کا دفاع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ انفراسٹرکچر سیس صوبائی سڑکوں، ٹرانسپورٹ اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر و ترقی اور سامان کی محفوظ نقل و حمل کے لیے عائد کیا گیا ہے، لہٰذا یہ صوبائی قانون سازی کے دائرے میں آتا ہے۔
ٹیکس دہندگان نے صوبائی حکومتوں کے مؤقف کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محصولات اپنی اصل نوعیت اور وصولی کے طریقۂ کار کے اعتبار سے وفاقی قانون سازی کے مخصوص معاملات سے متعلق ہیں اور صوبائی اسمبلیوں کو ان کے نفاذ کا آئینی اختیار حاصل نہیں تھا کیس کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔