سپرایٹ میں بلند حوصلوں کے ساتھ شریک ہونگے حفیظ

مشترکہ کاوشوں سے فتح ملی،عمران نے بہترین اننگز کھیلی،فاسٹ بولنگ پرتحفظات ہیں

اگلے رائونڈ میں بھی عمدہ پرفارم کرناچاہوں گا (عمران)مثبت چیزیں سیکھنے کو ملیں، مشفیق فوٹو: اے ایف پی/فائل

بنگلہ دیش کو پچھاڑ کر سپر ایٹ میں پہنچنے والی پاکستانی کپتان محمد حفیظ نے فتح کو ٹیم کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

میچ کے بعد انھوں نے کہا کہ عمران نذیر اور ناصر جمشید نے عمدہ اننگز کھیلیں، لیگ مرحلے میں لگاتار دو فتوحات کے بعد سپر ایٹ میں بلند حوصلوں کے ساتھ شریک ہوں گے۔


عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے آگے کی جانب سفر جاری رکھنے کی خواہش ہے، حفیظ نے مزید کہا کہ میچ میں بولرز نے اچھی کوشش کی لیکن ہمیں اپنے فاسٹ بولرز کے بارے میں بدستورکچھ تحفظات ہیں،البتہ بطور کپتان میں ٹیم کی پرفارمنس سے خوش ہوں۔

پاکستان کیلیے 36 گیندوں پر 72 کی اننگز کھیل کر مین آف دی میچ قرار پانے والے عمران نذیر نے کہا کہ وکٹ میں بولرز کیلیے کچھ خاص مدد نہیں تھی،میں سپر ایٹ میں بھی اپنی ٹیم کیلیے ایسا ہی پرفارم کرنا چاہوں گا۔

دوسری جانب بنگلہ دیشی کپتان مشفیق الرحیم نے کہا کہ اگرچہ ہم پر دبائو تھا لیکن شکیب الحسن نے بہت عمدہ اننگز کھیلی، ہمیں ایونٹ میں کچھ مثبت چیزیں سیکھنے کو ملیں اوروطن واپس جاکر اپنے کھیل پر مزید محنت کریں گے۔
Load Next Story