مولانا فضل الرحمان کی نظربندی اور نقل و حرکت پر پابندی غیر جمہوری اقدام ہے، حافظ نعیم

ایسی پابندیاں ملک میں سیاسی عدم استحکام بڑھائیں گی، ماضی میں ایک ساتھ جدوجہد کرنے والوں کے اقدامات حیران کن ہیں، بیان



جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے مولانا فضل الرحمان کی نظربندی اور نقل و حرکت محدود کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا یہ اقدام جمہوری رویوں، سیاسی رواداری اور بنیادی آئینی حقوق کی نفی ہے۔

اپنے ایک بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو ہائی کورٹ بار سے خطاب سے روکنا غیر جمہوری اقدام ہے۔ کسی بھی سیاسی جماعت کے سربراہ کی نقل و حرکت محدود کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے جبکہ حکومتی رکاوٹوں سے سیاسی سرگرمیاں نہیں روکی جا سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود کسی قومی رہنما کو گھر تک محدود کرنا جمہوری روایات کے منافی ہے اور ایسی پابندیاں ملک میں سیاسی عدم استحکام بڑھائیں گی۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ ماضی میں جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لیے مل کر جدوجہد کرنے والی جماعتوں کا آج ایک دوسرے کے خلاف ایسے اقدامات کرنا حیران کن اور سیاسی اخلاقیات کے منافی ہے۔