سیاسی رہنماؤں کے مولانا فضل الرحمان سے رابطے اور اظہار یکجہتی، نظر بندی کی مذمت

بلاول بھٹو اور ایمل ولی کا مولانا فضل الرحمان سے رابطہ، حکومتی اقدام پر حیرت کا اظہار


اسٹاف رپورٹر November 23, 2026

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان کی لاہور میں نظر بندی کو غیر جمہوری عمل قرار دیتے ہوئے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما بلاول بھٹو زرداری نے جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مولانا فضل الرحمان نے پولیس کی جانب سے لاہور میں اپنی رہائش گاہ کے محاصرے سے آگاہ کیا۔

نہوں نے حکومتی اقدام پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر جمہوری قرار دیا۔

اس سے قبل عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل ولی خان نے بھی مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اورواقعہ کی تفصیلات معلوم کیں اور حکومتی عمل کو غیر جمہوری اقدام قرار دیا۔

بعد ازاں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور نظر بندی کی مذمت کی اور ان سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک ممتاز سیاسی و مذہبی رہنما ہیں اور عوام میں ان کی وسیع حمایت ہے، ان کی نقل و حرکت پر پابندی قابلِ مذمت ہے، ہم ان حالات میں مولانا صاحب کی ہمت اور ثابت قدمی کو سراہتے ہیں۔

بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ان شاء اللہ یہ سختیاں ختم ہوں گی، ہم کسی اشتعال انگیزی میں آئے بغیر اپنی پُرامن جدوجہد جاری رکھیں گے اور تمام فیصلے ملک و قوم کے بہترین مفاد اور جمہوریت کے استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں گے۔

پی ٹی آئی اعلامیے کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے ٹیلی فون کرنے اور اظہارِ یکجہتی پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کا شکریہ ادا کیا۔