لاہور:
دھند کے باعث موٹرویز کے متعدد حصے ٹریفک کے لیے بند کردیے گئے موٹروے پولیس نے مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور دن کی روشنی میں سفر کرنے کی ہدایت کردی۔
ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم فور فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک، موٹروے ایم ٹو لاہور ٹھوکر سے کالا شاہ کاکو اور لاہور سے کوٹ مومن تک دھند کے باعث بند کردی گئی ہیں، جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی ٹریفک کے لیے بند ہے۔
ترجمان کے مطابق موٹروے ایم فور کے دیگر تمام حصے شمالی اور جنوبی دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے کھلے ہیں۔ موٹرویز کی بندش مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کی گئی ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو دھند کے موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور دن کی روشنی میں سفر کو ترجیح دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر نسبتاً محفوظ رہتا ہے۔
ترجمان نے مسافروں کو دوران سفر رفتار کم رکھنے، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھنے، لین کی پابندی کرنے اور غیر ضروری اوورٹیکنگ یا اچانک بریک لگانے سے اجتناب کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
موٹروے پولیس نے ڈرائیورز کو گاڑی کی فوگ لائٹس، ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز درست حالت میں رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔