شاہ محمود قریشی کا الطاف حسین کو فون یوم سوگ منانے پرعمران خان کی جانب سے شکریہ ادا کیا

شاہ محمود قریشی نے یوم سوگ منانے پر عمران خان کی جانب سے الطاف حسین کا شکریہ بھی اداکیا

گھمبیر صورتحال اہم شخصیات کی انا کی قربانی چاہتی ہے، قائد ایم کیوایم الطاف حسین فوٹو:فائل

تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کو فون کیا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق شاہ محمود قریشی نے الطاف حسین کو فون کیا جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ شاہ محمود قریشی نے یوم سوگ منانے پر عمران خان کی جانب سے الطاف حسین کا شکریہ بھی اداکیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس وقت صورتحال میں ڈیڈلاک موجودہ ہے، قوم کی نگاہیں الطاف حسین پر لگی ہوئی ہیں اور اس وقت ملک کو ان کی بصیرت اور دانشمندانہ رائے اور مشوروں کی ضرورت ہے۔

الطاف حسین نے شاہ محمود قریشی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گھمبیر صورتحال اہم شخصیات کی انا کی قربانی چاہتی ہے،جمہوریت اور اداروں کا تقدس بچانے کے لیے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کرنا چاہئے، ہم سب معاملات کو حل کرنے کے لیے افہام وتفہیم سے کام لیں کیونکہ ملک معاشی تباہی کے دلدل میں دھنستا چلا جارہا ہے جبکہ اس وقت ملک کے استحکام کو بھی شدید خطرہ لاحق ہے۔
Load Next Story