2013 ملک میں عالمی مقابلوں کی بحالی کا سال ہو گا چیئرمین پی سی بی

پاکستان میں کرکٹ کا انعقادآئی سی سی کا کام ہے، ہم بھی کوششیں کرینگے، اشرف الحق

پاکستان میں کرکٹ کا انعقادآئی سی سی کا کام ہے، ہم بھی کوششیں کرینگے، اشرف الحق فوٹو: فائل

چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے کہا ہے کہ 2013 ملک میں عالمی مقابلوںکی بحالی کا سال ہو گا۔

اے سی سی چیف اشرف الحق کے مطابق پاکستان میں کرکٹ کی واپسی آئی سی سی کی ذمہ داری ہے۔

انھوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا،قبل ازیں ایشین کرکٹ کونسل کی ڈیولپمنٹ کمیٹی کے وفد نے قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل اکیڈمی کا دورہ کیا۔


ان میں مظہر خان ایڈمنسٹریٹر ایمریٹس کرکٹ بورڈ، شبنگی کلکرنی چیئرپرسن اے سی سی ویمن کمیٹی، کیپٹن شہزادہ سلیم احمد صدر ہانگ کانگ کرکٹ ایسوسی ایشن، سلطان رانا ایونٹ منیجر اے سی سی، بندولہ ورناپورا ڈیولپمنٹ منیجر اے سی سی، تھوشتھ پریرا فنانس منیجر اے سی سی اور کمپلینس آفیسر گینش سندرا مورتھی شامل تھے۔

اے سی سی کے چیف ایگزیکٹو اشرف الحق نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی آئی سی سی کا کام ہے تاہم ہم بھی اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، پاکستانی ٹیم کا دورئہ بھارت بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگا، امید ہے جواب میں بھارتی ٹیم بھی یہاں آئے گی، انھوں نے نے کہا کہ اے سی سی کے ارکان کو پاکستان میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہوا بلکہ بہت اچھی مہمان نوازی کی گئی۔

ایک سوال پراشرف الحق نے بتایا کہ ایشیا کے 18ممالک میں کرکٹ کے فروغ کیلیے 61 لاکھ ڈالرز کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر ذکااشرف نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی آئندہ برس ہوگی، اس کیلیے پی سی بی ہر ممکن کوششوں کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

انھوں نے کہا کہ اے سی سی میٹنگ کے اسلام آباد میں کامیاب انعقاد کے بعد دنیا بھر میں ملکی امیج میں بہتری آئی ہے، ہم تمام ممالک کو واضح طور پر پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کھیلوں کے حوالے سے محفوظ ملک ہے،ہمارے شہری کرکٹ کے دلدادہ اور اپنے مہمانوں کا خیال رکھنا جانتے ہیں۔
Load Next Story