ایران کے سابق نائب صدر محمد رضا الرحیمی کو عدالت نے غبن اور دھوکا دہی کے الزام میں قید اور جرمانے کی سزا سنا دی ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کے دور حکومت میں نائب صدر کی حیثیت سے کام کرنے والے محمد رضا الرحیمی کو عدالت نے جرمانے اور قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالتی حکام کے مطابق سابق نائب صدر کو غبن اور دھوکا دہی کے الزام میں سزا سنائی گئی تاہم ملزم کو کورٹ آف اپیل میں جانے کا حق حاصل ہے۔
65 سالہ ایرانی نائب صدر کرپشن اور دھوکا دہی کے الزام میں مقدمے کا سامنا ہے جو دسمبر 2013 سے ضمانت پر رہا ہیں تاہم عدالت میں محمد رضا الرحیمی نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے اپیلیٹ کورٹ میں جانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ اپیلیٹ کورٹ سے فیصلے کے بعد سابق نائب صدر کو قید میں ڈالنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے 2009 میں متنازع الیکشن کے ذریعے ایرانی تاریخ میں پہلی مرتبہ محمد رضا الرحیمی کو ملک کا نائب صدر بنایا تھا۔