کراچی:
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ فری لانسرز کی برآمدات رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ میں 760 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 47 فیصد زیادہ ہیں۔ اکتوبر میں فری لانسرز کی برآمدات 210 ملین ڈالر رہیں، جن میں 53 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی میں سیلانی ابنِ آدم آئی ٹی پارک کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور آئی ٹی پارک کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان فری لانسرز عالمی مارکیٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں، اور پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتیں 100 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف حاصل کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ کے لیے حکومت نے ٹیکسوں میں کمی سمیت مختلف اقدامات کیے ہیں، اور آئی ٹی برآمدات کے فروغ کے لیے بینکنگ نظام میں آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل بینکنگ صارفین کی تعداد 95 ملین سے بڑھ کر 140 ملین ہو چکی ہے، جبکہ پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا حجم 8 ارب سے تجاوز کر چکا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ 12 سالہ پاکستانی بچہ بھی گھر بیٹھے ہزاروں ڈالر کمانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر روزگار کے نئے مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں، اور نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کے بجائے اپنی صلاحیتوں سے آمدن کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے خواتین کی ڈیجیٹل مالیاتی نظام تک رسائی اور شمولیت بڑھانے پر بھی زور دیا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے دور میں سائبر سیکیورٹی کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ سائبر سیکیورٹی کے خطرات ریاستی اور غیر ریاستی عناصر دونوں سے لاحق ہو سکتے ہیں، اس لیے پاکستانی اداروں کو سائبر سیکیورٹی اور مصنوعی ذہانت کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔
تقریب سے چیئرمین سیلانی ویلفیئر بشیر فاروقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلانی کا مقصد نوجوانوں کو جدید آئی ٹی تعلیم دے کر انہیں بے روزگاری سے نکالنا اور خود کفیل بنانا ہے، اور سیلانی ابنِ آدم آئی ٹی پارک اسی مشن کی ایک اہم کڑی ہے جہاں ہزاروں طلبہ کو مفت آئی ٹی کی تربیت فراہم کی جائے گی۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ نے خطاب میں کہا کہ اسٹیٹ بینک فری لانسرز اور آئی ٹی برآمدات کے فروغ کے لیے بینکنگ نظام میں آسانیاں پیدا کر رہا ہے، تاکہ نوجوانوں کو اپنی رقوم پاکستان لانے میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام مزید مضبوط ہو۔
تقریب میں ملک کی معروف کاروباری شخصیات بشیر جان محمد، محمد علی ٹبا اور دیگر مہمانوں نے بھی شرکت کی۔