یو ایس اوپن میں بینسک نے جیلینا جینکووچ کا قصہ تمام کر دیا

سرینا ولیمز، فلاویا پنیٹا اور پینگ شوئی نے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی، مینز میں راجر فیڈرر اور بریڈیچ کامیاب


Sports Desk/AFP September 02, 2014
یو ایس اوپن: سوئس ٹینس پلیئر بیلینڈا بینسک سربین حریف جیلینا جینکووچ کیخلاف گیند ریٹرن کر رہی ہیں، انھوں نے مقابلہ جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ فوٹو: اے ایف پی

ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز ، فلاویا پنیٹا اور پینگ شوئی نے یوایس اوپن ٹینس کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

سوئس پلیئر بیلینڈا بینسک نے 9 سیڈ جیلینا جینکووچ کا قصہ چوتھے راؤنڈ میں تمام کردیا، مینز سنگلز میں راجرفیڈرر نے گرینولرز کو پچھاڑ کر چوتھے مرحلے میں جگہ بنا لی۔ تفصیلات کے مطابق سیزن کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلم کے ویمنز سنگلز چوتھے راؤنڈ میں ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز نے اسٹونیا کی کائیا کینپی کو 6-3 اور 6-3 سے ٹھکانے لگا دیا۔

اطالوی کھلاڑی فلاویا پنیٹا نے آسٹریلیا کی کیسی ڈیلوکا کو 7-5 اور 6-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں شرکت کا پروانہ حاصل کرلیا، سوئس پلیئر بیلینڈا بینسک نے 9 سیڈ جیلینا جنیکووچ کا قصہ 7-6(8/6) اور 6-3 سے تمام کردیا، جمہوریہ چیک کی لوسیا سفارووا کو پینگ شوئی نے 6-3 اور 6-4 سے ہرایا، ڈینش اسٹار کیرولین ووزینسکی نے 5 سیڈ ماریا شراپووا کو 6-4، 2-6 اور 6-2 سے کامیابی کی بدولت ٹرافی کی جانب سفر جاری رکھا۔ دوسری جانب مینز سنگلز کے تیسرے راؤنڈ میچز میں سیکنڈ سیڈ راجر فیڈرر نے اسپینش حریف مارسیل گرینولرز کو پچھاڑ کر پری کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

18 گرینڈ سلم ٹرافی جیتنے کی آرزو رکھنے والے سوئس اسٹار نے یہ مقابلہ 4-6، 6-1، 6-1 اور 6-1 سے جیتا، 6 سیڈ جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ نے روس کے تیموریز گاباشیلوی کو 6-3 ،6-2 اور6-4 سے قابو کرلیا، آسٹریا کے ڈومنیک تھیم نے فلکیانو لوپز کو 6-4، 6-2 اور 6-3 جبکہ مارن کلک نے کیون اینڈرسن کو 6-3، 3-6، 6-3 اور6-4 سے ہرا دیا۔

جائلز سیمون نے 4 سیڈ ڈیوڈ فیرر کو 6-3، 3-6، 6-1 اور6-3 سے زیر کرلیا، گیل مونفلز نے رچرڈ گیسکوئٹ کو 6-4، 6-2 اور6-2 سے ٹھکانے لگایا، گریگور دیمیتروف نے ڈیوڈ گوفن کو 0-6، 6-3 ، 6-4 اور 6-1 سے ہرایا، روبرٹو بوٹسٹا اگٹ نے فرنچ پلیئر ایڈرین مینارینو کو 7-5 ،6-2 اور 6-3 سے شکست دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں