نشریات بند کرانے والا حملہ آور تربیت یافتہ تھا ڈائریکٹر پی ٹی وی نیوز

20کیمرے غائب ہیں، ڈائریکٹر نیوز پی ٹی وی،عملے کو یرغمال بنایا گیا، ایم ڈی عبدالمالک


Zulfiqar Baig September 02, 2014
20کیمرے غائب ہیں، ڈائریکٹر نیوز پی ٹی وی،عملے کو یرغمال بنایا گیا، ایم ڈی عبدالمالک۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

پی ٹی وی کے ڈائریکٹر نیوز اطہر فاروق بٹر نے کہا ہے کہ پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز پر حملہ کرنے والے تربیت یافتہ، ڈنڈوں اور کٹر سے لیس تھے، انھوں نے اپنے منہ چھپائے اور ہیلمٹ پہن رکھے تھے جبکہ قادری زندہ باد اور انقلاب کے نعرے لگا رہے تھے۔

میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ پی ٹی وی کی عمارت تک پہنچنے کیلیے 5 ناکوں سے گزرنا پڑتا ہے، حملہ آوروں نے سیکیورٹی گارڈزکو زدوکوب کیا، پہلے پی ٹی وی ورلڈ اور پی ٹی وی نیوز کو بندکیا، حملہ آوروں کو معلوم تھا کہ نشریات کہاں سے بند ہوتی ہیں، انھوں نے کہا کہ حملہ آوروں کے اندر داخل ہونے پر ہم نے خواتین اسٹاف کو وہاں سے نکال دیا، حملہ آور ٹیلی فون پر کسی سے ہدایت لے رہے تھے، ہمارے 20 سے زائد کیمرے غائب ہیں، کینٹین سے بھی سامان اٹھا کرلے گئے۔

پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر عبد المالک نے ''ایکسپریس'' سے گفتگو میں بتایا کہ پی ٹی وی کی عمارت پر حملے کی تیاری گزشتہ 3 دنوں سے کی جا رہی تھی، جس انداز میں اشتعال انگیز تقاریر کی گئیں، اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ پی ٹی وی کی عمارت پر حملہ سوچی سمجھی سازش ہے، جب مظاہرین عمارت میں داخل ہوئے تو سارے عملے کو یرغمال بنا لیا، کیا یہ سیاسی یا مذہبی جماعت کی تربیت ہے ، پی ٹی وی ایک حساس ادارہ ہے، حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں