تحریک انصاف سے براہ راست یا بالواسطہ کوئی رابطہ نہیں چیف جسٹس آف پاکستان

عمران خان سے زندگی میں ایک بار ملا ہوں اس ملاقات میں بھی تحڑیک انصاف کے 2 رہنما موجود تھے،چیف جسٹس ناصر الملک


ویب ڈیسک September 02, 2014
جب قائم مقام چیف الیکشن کمشنر تھا تو عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی،چیف جسٹس فوٹو: فائل

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک نے تحریک انصاف سے بالواسطہ یا بلاواسطہ رابطے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں۔

ممکنہ غیر آئینی اقدامات اور دھرنوں کے خلاف متفرق درخواستوں کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ان کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں، نہ ہی ان کا کسی جماعت سے براہ راست یا بالواسطہ کوئی رابطہ ہے۔ وہ عمران خان سے زندگی میں ایک بار ملے ہیں، یہ ملاقات اس وقت ہوئی تھی جب وہ قائم مقام چیف الیکشن کمیشن تھے، اس ملاقات میں حامد خان سمیت تحریک انصاف کے دو رہنما بھی شریک تھے، اس ملاقات میں خیبرپختونخوا میں الیکٹرانک ووٹنگ سمیت دیگرانتخابی معاملات پر بات ہوئی تھی۔ اس کے بعد وہ کبھی ان سے نہیں ملے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا تھا کہ عمران خان نے ایک مرتبہ انہیں کہا تھا کہ جسٹس تصدق حسین جیلانی کے بعد آنے والے چیف جسٹس ہمارے اپنے ہیں ان سے طے ہوچکا ہے کہ وہ اس حکومت کو فارغ کردیں گے اور ان کے حکم پر ستمبر میں انتخابات ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں