پی ٹی وی پر حملے کا مقدمہ عمران خان اور طاہر القادری کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں درج

شاہ محمود قریشی سمیت تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کیخلاف ایم پی اے کو فرار کرانے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے


ویب ڈیسک September 02, 2014
پاکستان تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے مرکزی قائدین کے خلاف اب تک 7ایف آئی آر درج کی جا چکی ہیں. فوٹو: فائل

PAKPATTAN: گزشتہ روز پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک کی عمارت پر حملے کا مقدمہ پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اور عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ روز پی ٹی وی کی عمارت پر حملے اور قبضے کا مقدمہ عمران خان اور طاہر القادری کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کر کیا گیا۔ سرکاری ٹی وی پر حملے کا مقدمہ نمبر 183 ہے جس میں پی ٹی وی حملے اور قبضے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تحریک انصاف کے رہنماؤں شاہ محمود قریشی، عارف علوی، جہانگیر ترین، اسد عمر، شیریں مزاری اور شفقت محمود کے خلاف خیبر پختون خوا اسمبلی کے ایم پی اے افتخار مشوانی کو فرار کرانے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما اپنے کارکنوں کے ہمراہ تھانہ سیکرٹریٹ میں آئے اور ایم پی اے کو ملاقات کے لئے بلوایا اور پھر کسی کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے انھیں چھڑوا کرلے گئے اور جب پولیس باہر نکلی تو تحریک انصاف کے کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے جس کی وجہ سے پولیس کسی قسم کی کارروائی نہ کر سکی تھی۔

اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے مرکزی قائدین کے خلاف اب تک 7ایف آئی آر درج کی جا چکی ہیں جن میں سے 2 تھانہ سیکرٹریٹ میں 3 تھانہ کوہسار میں اور 2 تھانہ آبپارہ میں درج کی جا چکی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں نے پی ٹی وی کی عمارت میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور عمارت پر قبضے کے بعد پی ٹی وی ورلڈ کی نشریات بند کرا دی گئیں، پاک فوج کے جوانوں کے آنے کے بعد مظاہرین عمارت سے باہر نکل آئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں