سیاسی بحران کے حل کے لئے 70 فیصد کامیابی حاصل کرلی سراج الحق
سیاسی جماعتوں کا جرگہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان دوریاں ختم کرانے میں کامیاب ہوگیا، جرگے کے سربراہ سراج الحق کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اور حکومت سے بات چیت کے بعد کہہ سکتے ہیں کہ سیاسی بحران کے حل میں 70 فیصد کامیابی مل چکی ہے۔
اسلام آباد میں تحریک انصاف کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ فریقین کا نقطہ نظر سننے کے بعد کہہ سکتے ہیں کہ بات چیت کے ذریعے 70 فیصد کامیابی مل چکی ہے، حکومت کو تجویز ہے کہ وزرا کے بیانات میں اب بھی تلخی ہے، حکومتی وزرا اپنے بیانات میں شائستگی لے کر آئیں تلخی سے ہمیں کام کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس موقع پر تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ رات 8 بجے بات چیت ہوگی، پی ٹی آئی پارلیمنٹ کو مقدس جگہ سمجھتی ہے اور واضح کردینا چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ کے احاطے میں تحریک انصاف کا کوئی کارکن موجود نہیں اگر عوامی تحریک کے کارکنان وہاں موجود ہیں تو ان سے درخواست ہے کہ پارلیمنٹ کے احاطے کو خالی کردیں۔
جرگے کے رکن رحمان ملک کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے کسی ممبر نے آج سخت بات نہیں کی اور وزیراعظم سے درخواست ہے کہ اپنی مذاکراتی ٹیم کو پابند کریں کے مذاکرات کے دوران تنقید کا سہارا نہ لیں جبکہ انہوں نے عمران خان اور طاہرالقادری سے درخواست کی کہ کارکنوں کو ہدایت کریں کہ پارلیمنٹ کا احاطہ فوری خالی کیا جائے ۔